امریکہ روس کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ’ایک غیر معمولی سفارتی اقدام‘
انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کی غیرجانبدار ماہر نے امریکہ، روس اور پانچ دیگر ممالک کے مابین قیدیوں کے تبادلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے غیرمعمولی سفارتی اقدام قرار دیا ہے۔
قید سے رہائی پانے والوں میں امریکہ کے اخبار وال سٹریٹ جرنل کے لیے کام کرنے والے صحافی ایوان گیرشکووچ، امریکی شہریت کی حامل اور ریڈیو لبرٹی کی صحافی السو کورماشیوا اور حال ہی میں پلٹزر اعزاز جیتنے والے روسی نژاد برطانوی صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن ولادیمیر کارا مُرزا شامل ہیں۔
روس میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی خصوصی اطلاع کار ماریانا کازارووا نے ان کی رہائی کو خوش آئند اقدام دیا ہے۔ وہ ان قیدیوں کی آزادی کے حق میں متواتر سرگرم رہی ہیں۔
امید کی کرن
کازارووا کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریک وقت ہے جب روس میں روزانہ نئی گرفتاریاں ہوتی ہیں، نئے مقدمے چلائے جاتے ہیں اور روزانہ انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے نئی خبریں سننے کو ملتی ہیں اور ایسے حالات میں اچانک یہ ایک اچھی خبر آئی ہے۔
روس میں انسانی حقوق کے محافظوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت بہت سے لوگوں کی آنکھوں میں آج خوشی کے آنسو ہیں۔ یہ واقعتاً ایک غیرمعمولی سفارتی اقدام ہے اور غالباً یہ سرد جنگ کے بعد سیاسی قیدیوں کی سب سے بڑی تعداد کا تبادلہ ہے۔
یہ خوشی کا موقوع ہے کہ ایسے لوگوں کو رہائی ملی جنہیں گرفتار ہی نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ ان میں ولادیمیر کارا مُرزا، ایون گیرشکووچ، السو کورماشیوا، اولیگ اورلوو، ساشا کوشیلنکوو، انسداد بندعنوانی کی تنظیم کے ارکان، لیلا شانیشیووا، سینیا فیدیووا اور دیگر شامل ہیں۔
سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ
تاہم، خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ انہوں نے عالمی برادری پر یہ زور بھی دیا ہے کہ وہ ایسے سیاسی قیدیوں کو مت بھولے جو تاحال زیرحراست ہیں۔ ان کی کم از کم تعداد 700 ہے تاہم، بعض اندازوں کے مطابق یہ 1,000 سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سبھی کو روس کی جیلوں سے ان کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرنا چاہیے۔ انہیں قید میں نہیں ہونا چاہیے۔ یہ لوگ یوکرین کے خلاف جنگ کی مخالفت کا اظہار کرنے پر قید میں ڈالے گئے ہیں۔
ماریانا کازارووا کا اندازہ ہے کہ کم از کم 33 صحافی یوکرین پر روس کے حملے کی مخالفت میں تحریری اطلاعات اور مواد شائع کرنے کی پاداش میں قید کاٹ رہے ہیں۔
ماہرین و خصوصی اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔