انسانی کہانیاں عالمی تناظر

محمد الحسن عراق کے لیے یو این امدادی مشن کے سربراہ مقرر

محمد الحسن سال 2022 میں یو این جنرل اسمبلی سے سلطنت اومان کے مستقل مندوب کے طور پر خطاب کر رہے ہیں۔
UN Photo/Manuel Elías
محمد الحسن سال 2022 میں یو این جنرل اسمبلی سے سلطنت اومان کے مستقل مندوب کے طور پر خطاب کر رہے ہیں۔

محمد الحسن عراق کے لیے یو این امدادی مشن کے سربراہ مقرر

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سلطنت اومان کے محمد الحسن کو عراق کے لیے اپنا خصوصی نمائندہ اور ملک میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یونیمی) کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔

محمد الحسن نیدرلینڈز کی جینین ہینز۔پلاشرٹ کی جگہ لے رہے ہیں جو ان ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو رہی ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے کام سے وابستگی اور مشن کے لیے ان کے قائدانہ کردار پر ممنونیت کا اظہار کیا ہے۔

Tweet URL

عراق کے لیے نوتعینات نمائندے تیس سال سے زیادہ عرصے کا سفارتی تجربہ رکھتے ہیں۔ اس دوران انہوں نے تنازعات کی روک تھام سے متعلق سفارتکاری، قیام امن اور ترقی کے لیے کام کیا۔

سفارتی خدمات

وہ 2019 سے اقوام متحدہ میں سلطنت اومان کے مستقل نمائندے کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ اپنے ملک کے قائم مقام نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور (2016)، چیف آف سٹاف (2015) اور وزرا کے دفتر کے سربراہ (2012) رہ چکے ہیں۔

محمد الحسن نے روس میں سلطنت اومان کے خصوصی سفیر اور ریاستی نمائندے کی حیثیت سے کام کرنے کے علاوہ بیلارس، یوکرین، آرمینیا اور مولڈووا میں غیر مقیم سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔

ان ذمہ داریوں سے پہلے وہ اقوام متحدہ میں اومان کے نائب مستقل نمائندے اور جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے اومان کے نائب مستقل نمائندے بھی رہ چکے ہیں۔

تعلیم اور زبان دانی

محمد الحسن نے امریکہ کے شہر سیاٹل میں یونیورسٹی آف واشنگٹن سے سیاسیات میں بیچلر آف آرٹس اور نیویارک میں سینٹ جانز یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی تھی۔ علاوہ ازیں، انہوں نے روس کی ماسکو سٹیٹ یونیورسٹی آف اکنامکس، سٹیٹسٹکس اینڈ انفارمیٹکس (ایم ای ایس آئی) سے معاشیات میں پی ایچ ڈی بھی کر رکھی ہے۔ وہ عربی، انگریزی، نارویجن اور روسی زبانیں بولتے ہیں۔