سربرینیکا نسل کشی کی یاد کے عالمی دن پر نفرت انگیزی کے خاتمے پر زور
اقوام متحدہ نے جمعرات کو 1995 کے سربرینیکا قتل عام کی یاد میں پہلا عالمی دن منایا اور اس موقع پر ان 8,000 بوسنیائی مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہیں بوسنیائی سرب فوج نے وحشیانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا۔
یہ واقعہ دوسری جنگ عظیم میں یہودیوں کی نسل کشی (ہولوکاسٹ) کے بعد یورپی سرزمین پر سب سے بڑا قتل عام تھا۔
سربرینیکا قتل عام نے متاثرین کے خاندانوں اور بحیثیت مجموعی بوسنیا و ہرزیگووینا کے معاشرے پر گہرے جذباتی اثرات مرتب کیے۔ یہ واقعہ 1992 میں سابق یوگوسلاویہ کے ٹوٹنے کے بعد جنگوں اور نسلی صفائی کی مہمات کے دوران پیش آیا۔
کادا ہوتک کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی آںکھوں کے سامنے یہ واقعات دیکھے۔ قتل عام میں کادا کے شوہر، بیٹے اور خاندان کے پچاس دیگر ارکان بھی ہلاک کر دیے گئے تھے۔
وہ اس نسل کشی میں بچ رہنے والے تقریباً 6,000 لوگوں کے گروہ کی رکن ہیں جو ایسے واقعات کی روک تھام سے متعلق آگاہی پھیلانے کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی بوسنیا و ہرزیگووینا کے ایسے نئے مستقبل کے لیے وقف کر رکھی ہے جہاں لوگ اپنی نسل سے قطع نظر امن سے رہ سکیں۔
بچوں کے لیے آگاہی
اس دن کے حوالے سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یو این نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سربرینیکا قتل عام کو یاد کرنا کیوں اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن آنے والی نسلوں کے لیے انتباہ کی حیثیت رکھتا ہے کہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہیں آنے چاہئیں۔
اس دن کی بدولت نئی نسلیں یہ جان سکتی ہیں کہ اچھائی اور برائی کیا ہوتی ہے، ایسی بری اور شیطانی جنگوں کا نتیجہ کیا نکلتا ہے اور ہمیں جنگوں اور تکالیف کے بجائے زندگی کی ضرورت ہے۔
بین الاقوامی دن
اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی نے مئی 2024 میں ایک قرارداد کے ذریعے یہ دن منانے کی منظوری دی تھی۔ اس قرارداد کے حق میں 84 اور مخالفت میں 19 ووٹ آئے جبکہ 68 ممالک رائے شماری سے غیر حاضر رہے۔ قرارداد میں رکن ممالک سےکہا گیا تھا کہ وہ تعلیم سمیت دیگر ذرائع سے کام لیتے ہوئے مستقبل میں نسلی کشی یا قتل عام کے واقعات سے انکار کا ابطال کریں اور اس حوالے سے معلومات میں تحریف کی کوششوں سے نمٹیں۔
سربیا نے اس قرارداد کی مخالفت کی تھی جس کے صدر نے قرارداد کے متن کو 'انتہائی سیاسی' قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پرانے زخم کریدنے کے مترادف ہے اور اس سے ایک نیا پنڈورا باکس کھل جائے گا۔
سربرینیکا قتل عام
سربرینیکا قتل عام جنگی تاریخ کا ایک تاریک ترین باب سمجھا جاتا ہے جو سابق یوگوسلاویہ کے ٹوٹنے کے بعد شروع ہوا۔ 1995 میں بوسنیائی سرب فوج نے سربرینیکا پر قبضہ کر کے ہزاروں مردوں اور نوعمر لڑکوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 20 ہزار افراد کو علاقہ چھوڑانا پڑا۔
اس دوران اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے والے نیدرلینڈز کے امن اہلکاروں کا یونٹ بوسنیائی سرب فوج کو روکنے کے قابل نہیں تھا۔
سربرینیکا میں بوسنیائی مسلمانوں کی ریپبلکا سرپسکا کی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کو عالمی عدالت انصاف اور سابق یوگوسلاویہ کے لیے بین الاقوامی فوجداری ٹربیونل نے نسل کشی قرار دیا تھا۔
چوکس رہنے کی ضرورت
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے اس دن پر ایک اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سربرینیکا سے حاصل ہونے والے اسباق واضح ہیں۔جب عدم رواداری اور تعصب کو پھلنے پھولنے کا موقع ملتا ہے تو اس کے نتیجے میں ہولناک مظالم سامنے آتے ہیں۔
دنیا کو ایسی باتوں کے خلاف چوکس اور محفوظ رہنا ہو گا جو کسی مخصوص گروہ کے ساتھ غیرانسانی سلوک اور امتیاز کی ترغیب دیتی ہیں۔ ایسے بیانیے کی جڑیں نفرت میں پیوست ہوتی ہیں اور اگر اس سے نمٹنا نہ جائے تو ناقابل ذکر برائی جنم لیتی ہے۔
جنرل اسمبلی کے صدر نے کہا کہ آج کل جب تفریق و تقسیم کا باعث بننے والی باتیں زور و شور سے ہو رہی ہیں تو اس دن کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس دن کو قتل عام میں ہلاک ہونے والوں کی یاد منانے، معاشروں کو متحد کرنے اور ہر طرح کی نفرت کا مقابلہ کرنے کے لیے کام میں لانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں اس تقریب کا انعقاد ادارے میں بوسنیا و ہرزیگووینا کے مستقل مشن نے روانڈا سمیت 22 دیگر ممالک کے تعاون سے کیا تھا۔
سیکرٹری جنرل کا پیغام
اس موقع پر نسل کشی کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی خصوسی مشیر ایلس ویریمو ڈیریٹو نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کا پیغام پڑھ کر سنایا۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ 29 سال پہلے اقوام متحدہ اور دنیا سربرینیکا کے لوگوں کو تحفظ دینے میں ناکام رہے۔ آج ادارہ ان متاثرین کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور قتل عام میں بچ رہنے والوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
اس موقع پر ایلیس ڈیریٹو نے سربرینیکا قتل عام کے متاثرین کی خاطر انصاف اور سچائی کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت کو واضح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قتل عام اس بات کی ہولناک ثبوت ہے کہ نفرت پر قابو نہ پایا جائے تو اس کے کس قدر ہولناک نتائج برآمد ہوتے ہیں۔