انسانی کہانیاں عالمی تناظر

پائیدار ترقی کا تقاضہ پرعزم اور تخلیقانہ حکمت عملی، امینہ محمد

اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد پائیدار ترقی پر نیو یارک میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہی ہیں۔
UN Photo/Loey Felipe
اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد پائیدار ترقی پر نیو یارک میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہی ہیں۔

پائیدار ترقی کا تقاضہ پرعزم اور تخلیقانہ حکمت عملی، امینہ محمد

پائیدار ترقی کے اہداف

پائیدار ترقی پر اقوام متحدہ کا اعلیٰ سطحی سیاسی فورم نیویارک میں شروع ہو گیا ہے جس میں پُرامن، خوشحال اور مستحکم مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے جرات مندانہ اور انقلابی طرز کے اقدامات پر زور دیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اس فورم کا مقصد 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت کو تیز کرنا ہے۔ یہ فورم دو ہفتوں تک جاری رہے گا اور 'بحرانوں کے مستحکم، مضبوط و اختراعی حل کے ذریعے 2030 تک پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا اور غربت کا خاتمہ' اس کا خاص موضوع ہے۔

فورم میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی راہ میں درپیش مسائل کو اجاگر کیا جائے گا اور غربت پر قابو پانے، غذائی تحفظ یقینی بنانے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور صنفی مساوات قائم کرنے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا بھی لیا جانا ہے۔

تبدیلی کا موقع

فورم کے پہلے روز اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد کا کہنا تھا کہ یہ فورم دنیا کو درپیش باہم مربوط مسائل کے ہوتے ہوئے مثبت تبدیلی لانے کا بہترین موقع ہے۔ ممالک کے مابین تعاون عالمی سطح پر تیزرفتار ترقی میں مدد دے سکتا ہے اور اس سے رواں سال نیویارک میں ہونے والی کانفرنس برائے مستقبل کے لیے بھی مدد ملےگی۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ایکوسوک) کی صدر پاؤلا نارویز نے کہا کہ یہ اجلاس پالیسی کے حوالے سے اہم ترجیحات کی نشاندہی کرنے کا موقع ہے۔ یہ ترجیحات طویل مدتی عالمگیر بحرانوں سے نمٹنے کے لیے دنیا اجتماعی کوششوں کو متشکل کریں گی اور مستقبل میں تمام انسانوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے پائیدار اور مضبوط اقدامات کی راہ ہموار کریں گی۔

امیدوں کا قتل

امینہ محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ غربت دور حاضر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ غذائی عدم تحفظ خطرناک حدود کو چھو رہا ہے اور جنگوں، موسمیاتی تبدیلی اور رہن سہن کے بحران کے باعث نقل مکانی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دنیا بھر میں خواتین اور لڑکیاں بدستور امتیازی سلوک اور محرومی کا سامنا کر رہی ہیں۔

تمام ممالک کو عالمی سطح پر فیصلہ سازی میں یکساں نمائندگی نہیں مل رہی۔ جنگوں کے باعث سوڈان، غزہ اور یوکرین کے لوگوں کی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی امیدیں ٹوٹ گئی ہیں اور وہ اس معاملے میں کئی دہائیاں پیچھے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات تشویشناک ہے کہ دنیا اب تک پائیدار ترقی کے پانچ فیصد اہداف ہی حاصل کر پائی ہے جو کہ ناقابل قبول صورتحال ہے۔ تاہم، عزم، تصورات، مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کو یکجا کیا جائے تو ان اہداف کا حصول ناممکن نہیں رہے گا۔ یہ فورم اسی لیے منعقد کیا گیا ہے جس میں الفاظ کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا جن سے اربوں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی۔

اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل کی سربراہ پائیدار ترقی پر اعلیٰ سطحی سیاسی فورم سے خطاب کر رہی ہیں۔
UN Photo/Loey Felipe

فورم کے اجلاس

اس فورم میں جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل ادارے کی جنرل اسمبلی کے صدر اور 'ایکوسوک' کی سربراہ کے ساتھ 'تعلیم میں تبدیلی' کے موضوع پر خصوصی اجلاس کریں گے۔ آئندہ سوموار کو نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد اقوام متحدہ میں سپین کے مشن کے اشتراک سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی خاطر اقدامات کی رفتار تیز کرنے کے موضوع پر اجلاس کی صدارت کریں گی۔

اس موقع پر پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافے کا جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے ملکی سطح پر ہونے والے کام کی ایسی مثالیں اجاگر کی جائیں گی جن میں حکومتوں نے اپنے ہاں اقوام متحدہ کی ٹیموں کے تعاون سے بہتر نتائج حاصل کیے ہیں۔

یہ فورم ستمبر 2023 میں منعقدہ پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق ممالک کے سربراہی اجلاس کا تسلسل ہے جسے سیکرٹری جنرل نے ان اہداف کے حصول کو حقیقت بنانے کی خاطر دنیا کے متحد ہونے کا لمحہ قرار دیا تھا۔

فورم کے متعدد اجلاسوں کی کارروائی اقوام متحدہ کی ویب کاسٹ ویب سائٹ پر براہ راست نشر کی جائے گی۔

پائیدار ترقی پر اعلیٰ سطحی سیاسی فورم کے بارے میں مزید جاننے کے لیے وضاحتی مضمون ملاحظہ کیجیے۔