انسانی کہانیاں عالمی تناظر

بنگلہ دیش: یو این ادارہ سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف

مون سون بارشوں نے شمال مشرقی بنگلہ دیش میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔
© WFP/Nihab Rahman
مون سون بارشوں نے شمال مشرقی بنگلہ دیش میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

بنگلہ دیش: یو این ادارہ سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف

انسانی امداد

عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) بنگلہ دیش کے شمالی اضلاع سلہٹ اور سونم گنج میں شدید سیلاب سے متاثرہ ہزاروں لوگوں کو ہنگامی مدد فراہم کر رہا ہے۔

گزشتہ دنوں بنگلہ دیش اور انڈیا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے تقریباً 14 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

ملک میں ادارے کی نائب ڈائریکٹر سیمونے پرچمنت نے بتایا ہے کہ امدادی کاموں میں ایسے ضرورت مند لوگوں کی مدد کو ترجیح دی جا رہی ہے جو پہلے ہی مشکلات سے دوچار تھے اور اب حالیہ سیلاب کے باعث وہ روزگار، خوراک اور غذائیت سے محروم ہو گئے ہیں۔

خوراک و نقد امداد

سلہٹ میں 'ڈبلیو ایف پی' کے دفتر نے سرکاری حکام کے تعاون سے 27 جون کو امدادی کاموں کا آغاز کیا تھا جس میں 23 ہزار خاندانوں کو مقوی بسکٹ فراہم کیے گئے تاکہ خوراک و غذائیت کے حوالے سے ان کی فوری ضروریات پوری ہو سکیں۔

بنگلہ دیش میں متاثرین کو مقامی غیرسرکاری ادارے 'فرینڈز ان ولیج ڈویلپمنٹ بنگلہ دیش (ایف آئی وی ڈی بی) اور سنٹر فار نیچرل ریسورس سٹڈیز (سی این آر ایس) کے تعاون سے امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

'ڈبلیو ایف پی' نے ان 23 ہزار بدحال گھرانوں کے علاوہ مزید 48 ہزار خاندانوں کو نقد امداد مہیا کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی ہے جن کی پہلے ہی نشاندہی کی جا چکی ہے۔