پولیس سربراہان کی یو این کانفرنس نیو یارک میں شروع
اقوام متحدہ کی چوتھی پولیس کانفرنس نیویارک میں شروع ہو گئی ہے جس میں دنیا بھر سے حکومتی رہنما اور پولیس کے سربراہ قیام امن کے لیے پولیس کے کردار کو تقویت دینے پر بات چیت کر رہے ہیں۔
پولیس کے سربراہوں کی اس کانفرنس (یو این کاپس) کا مقصد قیام امن کے لیے حالیہ اعلیٰ سطحی اقدامات کو آگے بڑھانا ہے جس میں کثیرفریقی طریقہ کار کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔
'مشترکہ سلامتی میں بہتری: نئے دور کے لیے اقوام متحدہ کی پولیسنگ' اس دو روزہ کانفرنس کا بنیادی موضوع ہے۔ کانفرنس کے شرکا بین الاقوامی امن و سلامتی کو مضبوط بنانے اور متحدہ طاقت اور قومی و اقوام متحدہ کی پولیس کے فعال کردار کے ذریعے تمام لوگوں کی ترقی پر بات چیت کریں گے۔
نفاذ قانون میں اقوام متحدہ معاون
امن کارروائیوں کے لیے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ژاں پیئے لیخواں نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی پولیس (یو این پول) رکن ممالک کو ان کے مطالبے پر مہارت اور مدد مہیا کرتی ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کے دباؤ اور اثرات، ماحولیاتی انحطاط، بین الاقوامی جرائم اور عالمی دہشت گردی نے اس کام کو اور بھی مشکل بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ، اسی وجہ سے رکن ممالک میں نفاذ قانون کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور انہیں ایسے مسائل سے بہتر طور پر نبردآزما ہونے کے قابل کرنے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر امور پولیس پر اقوام متحدہ کے مشیر فیصل شہکار بھی موجود تھے۔ فیصل شہکار کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان سے ہے۔