انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ماحولیاتی بحالی پر خرچ ہونے والا ہر ڈالر تیس گنا منافع بخش، گوتیرش

ماحول صاف رکھنے کی غرض سے جاپان کے ایک ساحلی علاقے میں بچہ پلاسٹک کا کچرا اٹھا رہا ہے۔
Sao Family
ماحول صاف رکھنے کی غرض سے جاپان کے ایک ساحلی علاقے میں بچہ پلاسٹک کا کچرا اٹھا رہا ہے۔

ماحولیاتی بحالی پر خرچ ہونے والا ہر ڈالر تیس گنا منافع بخش، گوتیرش

موسم اور ماحول

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے زمین کے ماحولیاتی نظام کو آلودگی، موسمیاتی اثرات اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان سے تحفظ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی بحالی پر خرچ کیا جانے والا ہر ڈالر 30 ڈالر کے معاشی فوائد دیتا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے عالمی یوم ماحولیات پر اپنے پیغام میں ممالک سے کہا ہے کہ وہ انحطاط کا شکار ماحولیاتی نظام اور زمین کو بحال کرنے کے وعدے پورے کریں اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق کنمنگ۔مانٹریال فریم ورک پر موثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Tweet URL

انہوں نے کہا ہے کہ تمام ممالک 2030 تک جنگلات کے رقبے میں کمی کو روکنے کے لیے اپنے نئے قومی ماحولیاتی لائحہ عمل سے کام لیں۔ اس کے ساتھ ترقی پذیر ممالک کو شدت اختیار کرتے موسم سے مطابقت پیدا کرنے، فطری ماحول کے تحفط اور پائیدار ترقی میں مدد دینے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کو بھی بڑھانا ہوگا۔ 

عالمی یوم ماحولیات 1973 سے ہر سال 5 جون کو منایا جا رہا ہے۔ زمین کی بحالی اور بنجرپن و خشک سالی کا مقابلہ کرنا امسال اس دن کا خاص موضوع ہے۔

ماحولیاتی نظام کی تباہی

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ آلودگی، حیاتیاتی تنوع کی تباہی اور موسمیاتی ابتری پر قابو پانے میں ناکامی کے اثرات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ صحت مند اور زرخیز زمینیں صحراؤں میں تبدیل ہو رہی ہیں، پھلتے پھولتے ماحولیاتی نظام مردہ ہو رہے ہیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بڑھتا جا رہا ہے۔ 

اس کا مطلب یہ ہے کہ زرعی پیداوار میں کمی آ رہی ہے، پانی کے ذرائع ختم ہو رہے ہیں، معیشتیں کمزور پڑ رہی ہیں اور لوگ خطرے میں ہیں جبکہ غریب ترین ممالک اور لوگوں پر یہ اثرات اور بھی شدید ہیں۔ 

انہوں نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ کرہ ارض اور انسانیت کے لیے زمین کا پائیدار مستقبل تعمیر کرنا ہو گا۔

تہرا ارضی بحران

اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے بھی ماحولیاتی نظام کو تحفظ دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی نظام کی بحالی کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، فطرت اور ماحولیاتی تنوع کے نقصان بشمول بنجر پن اور آلودگی کی صورت میں کرہ ارض کو درپیش تہرے بحران کی رفتار سست کی جا سکتی ہے۔

علاوہ ازیں ایسا کرنے سے دنیا عالمی حدت میں اضافے کو پیرس معاہدے میں متعین کردہ حد تک رکھنے کے قریب آ جائے گی۔ اس سے غربت اور بھوک میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں، زمین کی بحالی ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے دیگر تمام ماحولیاتی مسائل کو بھی حل کیا جا سکتا ہے۔

یوم ماحولیات کے پروگرام

اس دن پر ایشیا اور الکاہل میں اقوام متحدہ کا علاقائی ترقیاتی شعبہ (ایسکیپ) 'یو این ای پی' کے اشتراک سے ترجیحی اقدامات کی نشاندہی کی خاطر اہم متعلقہ فریقین کو اکٹھا کرے گا۔ 

اس ضمن میں آبی ذرائع کے دائروی استعمال، خوراک کی پائیدار پیداوار اور مستحکم شہری ترقی پر بات چیت بھی ہو گی۔

سعودی عرب رواں سال اس دن پر ہونے والے مرکزی پروگراموں کا میزبان ہے اور زمینی بنجر پن سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے کنونشن کے رکن ممالک کی کانفرنس کے 16ویں اجلاس کا انعقاد بھی کر رہا ہے جو دسمبر میں ہو گا۔

سیکرٹری جنرل کا خصوصی خطاب

یوم ماحولیات پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش امریکن میوزم آف نیچرل ہسٹری میں موسمیاتی تبدیلی پر خصوصی خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وہ موسمیاتی صورتحال کے بارے میں بعض تلخ حقائق بھی سامنے لائیں گے۔

سیکرٹری جنرل عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے یورپ کی کوپرنیکس سروس کی جاری کردہ نئی معلومات بھی پیش کریں گے۔ اس موقع پر موسمیاتی عزائم اور مسائل کے حل سے متعلق ان کے خصوصی نمائندے مائیکل بلوم برگ اور میوزم کے صدر شوآن ڈیکٹر بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔