انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انسانی وقار جنسی و صنفی رحجانات سے بالاتر ہونا چاہیے، گوتیرش

نیو یارک کے واشنگٹن سکویئر پارک میں گزشتہ سال ہونے والی پرائڈ پریڈ کا ایک منظر۔
© Unsplash/Shavnya.com
نیو یارک کے واشنگٹن سکویئر پارک میں گزشتہ سال ہونے والی پرائڈ پریڈ کا ایک منظر۔

انسانی وقار جنسی و صنفی رحجانات سے بالاتر ہونا چاہیے، گوتیرش

انسانی حقوق

ہم جنس پرستوں، دو جنسی رحجانات کے حامل اور ٹرانس جینڈر افراد سے نفرت کے خلاف عالمی دن پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے تمام لوگوں کا احترام، وقار اور ان کے انسانی حقوق یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے اس دن پر اپنے پیغام میں تفریق کا خاتمہ کرنے اور قانون کے تحت سبھی کے برابر حقوق کے لیے ہم جنس پرست خواتین، مردوں، دو جنسی رحجانات کے حامل، ٹرانس جیںڈر، بین جنسی افراد اور کویئر (ایل جی بی ٹی کیو آئی +) کی بہادرانہ جدوجہد کو سراہا ہے۔

Tweet URL

سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں ایسے افراد کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے، نئے قوانین کے ذریعے پرانے تعصبات کو مستحکم کیا جا رہا ہے اور لوگوں میں دہشت اور نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔

ہم جنس پرستوں، دو جنسی رحجانات کے حامل اور ٹرانس جینڈر افراد سے نفرت کے خلاف عالمی دن ہر سال 17 مئی کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد جنسی اور صنفی تنوع کا اعتراف کرنا اور جنسی و صنفی رحجانات کی بنا پر تشدد اور تفریق کے مسئلے کی جانب توجہ دلانا ہے۔ 

'کوئی پیچھے نہ رہے'

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ رواں سال اس عالمی دن کا موضوع یہ ہے کہ 'کوئی پیچھے نہ رہے اور سب کو مساوات، آزادی اور انصاف میسر آئے'۔ یہ دنیا میں ہر انسان کے حقوق اور وقار کے احترام سے متعلق تمام لوگوں کے فریضے کی یاد دہانی ہے۔ دنیا بھر میں ان حقوق کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

سیکرٹری جنرل نے ہم جنس تعلقات کو جرم قرار دینے، 'ایل جی بی ٹی کیو آئی +' افراد کے ساتھ تفریق پر مبنی سلوک اور ان کے لیے نقصان دہ اقدامات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

تفریق اور تشدد کے خاتمے کا مطالبہ

انسانی حقوق پر اقوام متحدہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ اب بھی دنیا میں بہت سے لوگ اپنے جنسی رحجان و صنفی شناخت کی بنیاد پر منظم تفریق اور تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔ 

جنسی و صنفی شناخت کی بنیاد پر روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کے خاتمے کی کوششوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔ ممالک کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات اٹھائیں۔