امریکہ: غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے طلباء سے ناروا سلوک پر تشویش
تعلیم کے حق پر اقوام متحدہ کی خصوصی اطلاع کار فریدہ شہید نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں طلبہ کے حالیہ احتجاج کو پرتشدد انداز میں کچلنے سے تعلیمی اداروں میں عقلی آزادی اور جمہوری اصولوں پر قدغن کی نشاندہی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پرامن اجتماع اور اظہار کے حق سے کام لینے والے طلبہ پر سختی، ان کی گرفتاریوں، حراستوں، پولیس کا تشدد، نگرانی اور ان کے خلاف انضباطی اقدامات اور پابندیاں انتہائی تشویشناک ہیں۔
فریدہ شہید نے یہ بات امریکہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے بیان میں کہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی نقطہ نظر کی بنیاد پر اور بالخصوص فلسطین نواز مظاہرین کے خلاف غیرمنصفانہ سلوک سے سنگین خدشات جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے امریکہ کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام طلبہ کے لیے متنوع خیالات اور نقطہ ہائے نظر تک بلارکاوٹ رسائی یقینی بنا کر آزادی اظہار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرے۔
علمی آزادی کو خطرہ
خصوصی اطلاع کار نے جنوری 2021 کے بعد امریکہ میں متعارف کرائی جانے والی 307 پالیسیوں اور تعلیمی زباں بندی سے متعلق قوانین پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کتابوں پر پابندیاں اور نصابی ممانعتوں کی صورت میں ان پالیسیوں نے آزادانہ تبادلہ خیال کو دبایا اور پس ماندہ آوازوں کو خاموش کرایا ہے۔
امریکہ میں تعلیمی نظام کو فراہم کیے جانے والے مالی وسائل کی قلت کے باعث دیگر بنیادی مسائل نے بھی جنم لیا ہے جن میں اساتذہ کی کمی اور طلبہ کو ذہنی صحت کے حوالے سے دی جانے والی مدد سے متعلق مسائل بھی شامل ہیں۔مالی وسائل کی فراہمی میں عدم مساوات کو املاک پر عائد کردہ محصولات پر حد سے زیادہ انحصار نے اور بھی گمبھیر بنا دیا ہے جس سے غریب اور کم آمدنی والے علاقوں کو نقصان ہوا ہے۔
خصوصی اطلاع کار کا کہنا ہے کہ امیر اور غریب اضلاع میں مالی وسائل کی مساوی تقسیم کے طریقے ڈھونڈںے اور محرومی و تفریق کے چکر کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیمی شعبے کو دیے جانے والے مالی وسائل میں عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔
تعلیمی ماحول میں بہتری کی ضرورت
خصوصی اطلاع کار نے امریکہ کے وفاقی و ریاستی حکام سے کہا ہے کہ وہ تعلیم کو انسانی حق تسلیم کرتے ہوئے طلبہ کے پس منظر، شناخت، آمدنی، جائے رہائش اور دیگر نجی حالات سے قطع نظر اس تک سبھی کی مساوی رسائی یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سکولوں میں پولیس کی موجودگی سے اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے اور غریب طلبہ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں سے پولیس کو ہٹانا اور سیکھنے کا محفوظ اور مشفقانہ ماحول پیدا کرنے کے لیے اہل مشیروں اور سماجی کارکنوں کو تعینات کرنا ضروری ہے۔
ماہرین و خصوصی اطلاع کار
غیرجانبدار ماہرین یا خصوصی اطلاع کار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی طریقہ کار کے تحت مقرر کیے جاتے ہیں جو اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔