انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عالمگیر رابطے بڑھانے پر فون کمپنیاں 9 ارب ڈالر خرچ کرنے پر تیار

روانڈا کی ایک کسان اپنے موبائل فون پر موسم کے بارے میں اطلاعات وصول کرتی ہیں۔
©IFAD/Simona Siad
روانڈا کی ایک کسان اپنے موبائل فون پر موسم کے بارے میں اطلاعات وصول کرتی ہیں۔

عالمگیر رابطے بڑھانے پر فون کمپنیاں 9 ارب ڈالر خرچ کرنے پر تیار

معاشی ترقی

موبائل فون بنانے کی صنعت نے دنیا بھر میں ڈیجیٹل ربط بڑھانے کے لیے 9 ارب ڈالر خرچ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین (آئی ٹی یو) کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کروڑوں لوگوں کے لیے ڈیجیٹل رابطے مزید آسان اور سستے ہو جائیں گے۔

آئی ٹی یو کی سیکرٹری جنرل ڈورین بوگڈان مارٹن نے کہا ہے کہ بامعنی عالمگیر ربط اب دسترس میں ہے۔ موبائل فون کی صنعت کے نئے وعدوں سے دنیا کے ہر کونے میں مزید بہت سے لوگوں کو انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل خدمات تک رسائی ملے گی۔

Tweet URL

اوریڈو، e&، چائنا ٹیلی کام، اور ویون کمپنیوں کی جانب سے یہ نئی سرمایہ کاری 'آئی ٹی یو' کو ڈیجیٹل ربط کے فروغ میں اس صنعت سے ملنے والی موثر مدد ہے۔

ڈیجیٹل تقسیم کا خاتمہ

ٹیلی مواصلاتی نظام رابطوں اور ڈیجیٹل تبدیلی کی بنیاد ہے۔ عالمگیر ڈیجیٹل تقسیم کم کرنے اور تعلیم سے لے کر صحت اور سرکاری خدمات و تجارت تک ہر شعبے میں ترقی کی راہ میں رکاوٹوں پر قابو پانے میں اس کی خاص اہمیت ہے۔

'آئی ٹی یو' مواصلاتی ٹیکنالوجی میں جدت لانے کے لیے کام کرتا ہے۔ ادارے کے مطابق، اِس وقت دنیا بھر میں 2.6 ارب لوگ انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہیں۔

زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ڈیجیٹل رابطوں کے ذریعے باہم جوڑنے کے لیے 'آئی ٹی یو' نے 2026 تک 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے کہا ہے۔ اس کا مقصد ایسی مہارتوں اور وسائل کا حصول ہے جن سے عالمگیر بامعنی ربط کو بڑھانے اور دنیا کے ہر کونے میں پائیدار ڈیجیٹل تبدیلی ممکن بنانے میں مدد مل سکے۔ 

'آئی ٹی یو' نے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 2021 میں 'پارٹنر2 کنیکٹ' اقدام  بھی شروع کیا تھا۔ 400 سے زیادہ اداروں نے آنے والے برسوں میں اس مشترکہ تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 46 ارب ڈالر خرچ کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

نجی شعبے کی نئی سرمایہ کاری

موبائل فون بنانے کی صنعت کے بڑے اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کے نئے وعدوں کا مقصد ڈیجٹیل ربط کو بڑے پیمانے پر فروغ دینا ہے۔

اس سرمایہ کاری سے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا میں آسان اور سستا انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل خدمات جبکہ چین کے دوردراز دیہات میں آٹھ کروڑ سے زیادہ لوگوں کو اطلاعاتی و مواصلاتی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں یوکرین میں تعمیرنو کے لیے انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی بھی اس سرمایہ کاری کا ہدف ہے۔ 

'آئی ٹی یو' نے بتایا ہے کہ اسے اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک کے علاوہ صنعتوں، ماہرین تعلیم اور مختلف اداروں کے 1,000 سے زیادہ ارکان کا ساتھ میسر ہو گیا ہے جو ادارے کی 159 سالہ تاریخ میں ایک سنگ میل ہے۔ 

باہمی تعاون کا یہ کثیرفریقی نمونہ ڈیجیٹل تقسیم کم کرنے اور سب کے لیے پائیدار ڈیجیٹل مستقبل کی خاطر اقوام متحدہ کے نظام میں ایک مضبوط قوت ثابت ہو گا۔