انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین روس جنگ میں ہلاکتوں اور تباہی کا سلسلہ جاری

دونیسک ریجن کے ایک شہر میں تباہ حال عمارتیں۔
© UNICEF/Aleksey Filippov
دونیسک ریجن کے ایک شہر میں تباہ حال عمارتیں۔

یوکرین روس جنگ میں ہلاکتوں اور تباہی کا سلسلہ جاری

امن اور سلامتی

مشرقی یوکرین کے مختلف علاقوں میں روس کے نئے حملوں میں متعدد شہری زخمی ہو گئے ہیں اور تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے یوکرین کی نیشنل ریسکیو سروس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ خارکیئو میں ہونے والے حملوں میں ایک ہسپتال کو بھی نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ حملوں کے بعد بہت سے لوگوں کو ہسپتال سے نکال لیا گیا۔

Tweet URL

نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دونیسک کی علاقائی انتطامیہ کے مطابق ٹوریسک نامی علاقے میں بھی ایک طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔ 

امدادی کارکنون نے بتایا ہے کہ دونیسک اور کیرسون میں جاری لڑائی کے نتیجے میں عام شہری متواتر ہلاک و زخمی ہو رہے ہیں۔ جنگ میں گھروں، تعلیمی مراکز، نقل و حمل کے ذرائع، پانی، بجلی اور حرارت کے حصول کی سہولیات کو بھی نقصان ہوا ہے۔

نفسیاتی مدد

جمعرات کو کیرسون میں ایک مقامی غیرسرکاری تنظیم (این جی او) کے زیراہتمام چلایا جانے والا امدادی مرکز بھی حملوں کی زد میں آیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ محاذ جنگ کے قریبی علاقوں میں مسائل کے باوجود امدادی ادارے لوگوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔

حالیہ دنوں اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے دیگر شراکت داروں کے تعاون سے دونیسک اور خارکیئو میں لوگوں کو گھروں کی ہنگامی مرمت کا سامان مہیا کرنے کے علاوہ نفسیاتی و قانونی مدد بھی فراہم کی ہے۔