صومالیہ کے محمد یحییٰ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر مقرر
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے صومالیہ سے تعلق رکھنے والے محمد یحییٰ کو پاکستان میں ادارے کا نیا ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے، جنہوں نے 21 جنوری سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں گے۔
محمد یحییٰ نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے جولین ہرنیز کی جگہ لی ہے جو 20 جنوری کو اس ذمہ داری سے سبکدوش ہو گئے تھے۔ وہ 19 دسمبر 2019 سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔
ترقیاتی تعاون، انسانی امداد اور انتظامی امور میں 31 سالہ تجربے کے حامل جولین ہرنیز نے پاکستان میں تعیناتی سے قبل جمہوریہ کانگو، نائجیریا، یمن، گنی، لبنان اور انڈونیشیا میں بھی اقوام متحدہ کے لیے خدمات انجام دیں۔
محمد یحییٰ کا تعارف
محمد یحییٰ ترقیاتی اور قیام امن کے امور کا 20 برس سے زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔ حالیہ تعیناتی سے پہلے انہوں نے نائجیریا میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے نمائندے کی حیثیت سے کام کیا۔ یہ افریقہ میں 'یو این ڈی پی' کے سب سے بڑے ملکی پروگراموں میں سے ایک ہے۔
اس سے پہلے وہ ایتھوپیا میں 'یو این ڈی پی' کے 'افریقہ ریجنل پروگرام' کے رابطہ کار کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس عہدے پر کام کرتے ہوئے انہوں نے افریقن یونین اور افریقہ کی 'ریجنل اکنامک کمیونیٹیز' کے تعاون سے علاقائی سطح پر ترقیاتی پروگراموں کی نگرانی کی۔
محمد یحییٰ 'یو این ڈی پی' میں بعد از جنگ بحالی کے ماہر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ اس حیثیت میں انہوں ںے افغانستان اور لائبیریا میں خدمات انجام دیں۔ وہ قدرتی وسائل کے انتظام سے متعلق اقوام متحدہ کے مشترکہ اقدام کے رابطہ کار بھی رہ چکے ہیں اور ادارے میں شمولیت سے قبل غیرسرکاری ادارے 'انٹرنیشنل الرٹ' میں قیام امن کے معاملات پر اعلیٰ سطحی مشیر کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں۔
محمد یحییٰ نے یونیورسٹی آف لندن کے سکول آف اوریئنٹل اینڈ افریقن سٹڈیز سے 'تشدد، تنازعات اور ترقی' میں ماسٹر اور 'سیاسیات و تاریخ' میں بیچلر ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی ذمہ داریاں
ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر (آر سی) کسی ملک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا نمائندہ ہوتا ہے۔ اس کا دفتر ملک میں ترقیاتی کام اور امدادی امور انجام دینے والے اقوام متحدہ کے تمام اداروں کا احاطہ کرتا ہے۔ اس کا مقصد ان اداروں کی استعداد کار میں بہتری لانے کے لیے ان کے کام کو باہم مربوط بنانا ہے۔
پاکستان میں ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کا دفتر اقوام متحدہ کے شروع کردہ 'ون یو این' اقدام کے تحت دنیا میں ایسے پہلے دفاتر میں سے ایک ہے جن کی ذمہ داریوں میں توسیع کی گئی ہے۔ یہ دفتر حکومت کو بین الاقوامی سطح پر اس کے وعدوں اور ذمہ داریوں کی تکمیل میں بھی مدد دیتا ہے جس میں پائیدار ترقی کے اہداف خاص اہمیت رکھتے ہیں۔
ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر ملک میں اقوام متحدہ کی ٹیم (یو این سی ٹی) کی سربراہی کرتا ہے جس میں اقوام متحدہ کے تمام اداروں، فنڈز اور پروگراموں کے سربراہ شامل ہوتے ہیں۔