دنیا میں مہاجرت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے 7.9 ارب ڈالر کی اپیل
اقوام متحدہ کے ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) نے اندرون ملک بےگھر ہونے والے لوگوں اور انہیں پناہ دینے والوں سمیت 14 کروڑ مہاجرین کی مدد کے لیے دنیا سے 7.9 ارب ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
'آئی او ایم' کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ نے کہا ہے کہ کروڑوں لوگ ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں موسمیاتی تبدیلی نے ان کی زندگیوں کو غیرمحفوظ بنا دیا ہے اور اسی وجہ سے وہ مہاجرت پر مجبور ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی گزشتہ برس مہاجرت کا جنگ سے بھی کہیں بڑا محرک تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کو موسمیاتی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہنگامی مدد دینا ضروری ہے۔
مستقبل کے بحران
جنیوا میں بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اگر ان لوگوں کی مدد کے لیے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پوری دنیا کو نقل مکانی کے بہت بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بے قاعدہ اور جبری مہاجرت غیرمعمولی حدود کو چھو رہی ہے جبکہ 7 کروڑ سے زیادہ لوگ اپنے ہی ممالک میں بے گھر ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس بات کی واضح شہادت موجود ہے کہ منظم مہاجرت عالمگیر خوشحالی اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔
'آئی او ایم' کا کہنا ہے کہ امدادی وسائل کے لیے جاری کردہ اپیل سے زندگیوں کو تحفط دینے، مہاجرت اختیار کرنے والے لوگوں کی حفاظت، نقل مکانی کا سبب بننے والے مسائل کے حل اور باقاعدہ مہاجرت کے لیے محفوظ گزرگاہوں میں سہولت مہیا ہو گی۔