انسانی کہانیاں عالمی تناظر

عالمی ادارہ صحت نے دی ملیریا کی دوسری ویکسین کی منظوری

ملیریا سے براعظم افریقہ کے بچے خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں جن میں پانچ لاکھ ہر سال ملیریا میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
© UNICEF/Maria Wamala
ملیریا سے براعظم افریقہ کے بچے خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں جن میں پانچ لاکھ ہر سال ملیریا میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے دی ملیریا کی دوسری ویکسین کی منظوری

صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ملیریا کی دوسری ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے جسے اس بیماری کی روک تھام کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔

'آر12/میٹرکس۔ایم ویکسین' برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی نے بنائی ہے اور اسے تجارتی پیمانے پر انڈیا کے سیرم انسٹیٹیوٹ میں تیار کیا گیا ہے۔ 'ڈبلیو ایچ او' نے اسے منظور شدہ ویکسین کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ اب دنیا بھر کے ممالک کو اس ویکسین تک وسیع تر رسائی حاصل ہو گی جو بچوں میں ملیریا کا خاتمہ کر سکتی ہے۔ اس ویکسین کی تیاری میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) اور 'گاوی، ویکسین اتحاد' نے بھی مدد فراہم کی ہے۔ 

اس سے پہلے 'ڈبلیو ایچ او' نے 2022 میں آر ٹی ایس، ایس ویکسین کی منظوری دی تھی۔

لاکھوں اموات سے بچنے کی امید

تجربات میں یہ دونوں ویکسین محفوظ و موثر ثات ہوئیں جو بچوں کو اس بیماری سے تحفظ دے سکتی ہیں۔ جب انہیں بیماری کی روک تھام کے دیگر اقدامات کے ساتھ استعمال میں لایا جائے گا تو اس سے صحت عامہ پر انتہائی مثبت اثرات ہوں گے۔ 

ملیریا مچھروں سے پھیلنے والی بیماری ہے جو 2022 میں دنیا کے 85 ممالک میں 608,000 سے زیادہ اموات کا سبب بنی۔

اس بیماری سے براعظم افریقہ کے بچے خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں جن میں پانچ لاکھ ہر سال ملیریا میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔