دنیا بھر کے انسانی حقوق کے حامیوں سے تحریک حاصل کریں، گوتیرش
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ تنازعات کی روک تھام، زمین کے تحفظ اور تقسیم کا خاتمہ انسانی حقوق کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ اس مقصد کے لیے سبھی کو حقوق کے حامیوں کے کام سے تحریک لینا ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ حقوق اور بنیادی آزادیوں کی حفاظت کے لیے تمام انسانوں کو اپنے مشترکہ اصولوں اور اقدار کو اپنانا اور ان پر عمل کرنا ہو گا۔
2023 میں انسانی حقوق کے شعبے میں اقوام متحدہ کا اعزاز دیے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقوق کے محافظوں کو بذات خود بہتر تحفظ درکار ہے۔
سیکرٹری جنرل نے ممالک، کاروباری اداروں، سیاسی جماعتوں اور مذہبی و شہری تنظیموں کے رہنماؤں اور دیگر سے کہا کہ وہ یہود و مسلم مخالف تعصب، اقلیتی عیسائیوں پر حملوں اور نفرت و بدسلوکی کے خلاف آواز بلند کریں۔اس مقصد کے لیے انسانیت اور وقار کے جذبے سے کام لینا ہو گا جو انسانی حقوق کے عالمگیر اعلامیے کا جوہر ہے۔
2023 کے اعزاز یافتگان
اقوام متحدہ نے 1966 میں انسانی حقوق کے شعبے میں ایوارڈ دینے کا آغاز کیا تھا۔ یہ اعزاز اس شعبے میں غیرمعمولی خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں کو عطا کیا جاتا ہے۔
پہلی مرتبہ یہ اعزاز 1968 میں عالمگیر اعلامیے کی 20ویں سالگرہ پر دیا گیا تھا اور 1983 کے علاوہ ہر پانچ سال کے بعد اس کا اعلان ہوتا رہا ہے۔
امسال یہ اعزاز تین گروہوں اور دو افراد کو دیا گیا ہے۔ اس کے لیے دنیا بھر سے 400 سے زیادہ نامزدگیاں ہوئی تھیں۔
2023 میں جن گروہوں کو یہ اعزاز ملا ہے ان میں بیلارس کا مرکز برائے انسانی حقوق 'ویاسنا'، 'عمان مرکز برائے مطالعہ انسانی حقوق' اور صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول کے لیے کام کرنے والے 'سول سوسائٹی کی تنظیموں، مقامی لوگوں، سماجی تحریکوں اور مقامی سماجی گروہوں کا اتحاد' شامل ہیں۔
جمہوریہ کانگو کی یولین لوزینج اور یوروگوئے کے جولیو پریرا نے انفرادی حیثیت میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
اس سے قبل 2013 میں ملالہ یوسفزئی 2008 میں ڈینس مکویج، 1998 میں امریکہ کے سابق صدر جمی کارٹر، 1988 میں نیلسن اور ونی منڈیلا، 1978 میں ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ (بعداز وفات) اور 1968 میں ایلینار روزویلٹ (بعد از وفات) کو یہ اعزاز دیا گیا تھا۔
اقدار کا اعتراف
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے فاتحین کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انسانی حقوق کے محافظوں اور دنیا بھر کے معاشروں میں لائی ان کی اقدار کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے محافظ تبدیلی کے عامل ہیں۔ وہ سبھی کے لیے بہتر مستقبل چاہتے ہیں اور انہیں علم ہے کہ ایسے مستقبل کو حقیقت کا روپ کیسے دیا جا سکتا ہے۔ تاہم حالات میں تبدیلی لانے کے دوران انہیں ہراساں کیے جانے، قید و بند، جبری گمشدگیوں، تشدد حتیٰ کہ موت جیسے خطرات کا سامنا بھی رہتا ہے۔
حقوق کی خواتین محافظوں کے لیے یہ خطرات اور بھی زیادہ ہوتے ہیں جنہیں ان کے کام اور صنف کی بنیاد پر ہدف بنایا جاتا ہے۔