انسانی کہانیاں عالمی تناظر
مختلف تنظیموں کے کارکن دبئی میں کاپ28 کانفرنس کے موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں کے نتائج بھگتنے والے ممالک کے نقصانات کی تلافی کے فنڈ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

کاپ28 کا آخری مرحلہ، معدنی ایندھن اور گیسوں کے اخراج پر مزاکرات تیز

COP28/Christopher Pike
مختلف تنظیموں کے کارکن دبئی میں کاپ28 کانفرنس کے موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں کے نتائج بھگتنے والے ممالک کے نقصانات کی تلافی کے فنڈ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

کاپ28 کا آخری مرحلہ، معدنی ایندھن اور گیسوں کے اخراج پر مزاکرات تیز

موسم اور ماحول

دبئی میں 'کاپ 28' ایک روزہ وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ کانفرنس میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کے اہداف حاصل کرنے اور معدنی ایندھن کے مستقبل پر مذاکرات جاری ہیں۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ 'کاپ 28' میں شریک ممالک 2030 تک قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں تین گنا اضافے، توانائی کی استعداد کو دو گنا بڑھانے اور تمام لوگوں کے لیے ماحول دوست توانائی ممکن بنانے کا وعدہ کریں۔ 

گزشتہ ہفتے دبئی میں سیکرٹری جنرل نے معدنی ایندھن کے مکمل خاتمے کے لیے کہا تھا تاکہ عالمی حدت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیئس کی حد میں رکھا جا سکے۔ اس کے ساتھ یہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی مساوی اور منصفانہ ہو۔ 

موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن سٹیئل تمام حکومتوں سے کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے مذاکرات کاروں کو آگے بڑھنے کے واضح احکامات دیں۔ اس معاملے پر دکھاوے کے اقدامات یا سیاست کے بجائے بھرپور عزم کی ضرورت ہے۔ 

'کاپ 28' متوقع طور پر 12 دسمبر کو ختم ہو گی اور اس وقت مندوبین بات چیت کے آخری مراحل میں ہیں۔ کانفرنس میں اب تک کیے گئے وعدے اور اعلامیے اور آئندہ اقدامات درج ذیل ہیں:

برازیل کے دیسی قبائل سے تعلق رکھنے والی خواتین کا وفد بھی کاپ28 کانفرنس میں شریک ہے۔
COP28/Mahmoud Khaled

'کاپ 28' کا نصف سفر

اہم وعدے اور اعلامیے 

  • کاپ کے پہلے روز موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو مدد دینے کے لیے نقصان و تباہی کے فنڈ کو فعال کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔ 
  • ممالک اب تک اس فنڈ کے لیے سیکڑوں ملین ڈالر مہیا کرنے کے وعدے کر چکے ہیں۔ 
  • موسمیاتی تبدیلی کے بدترین صورت اختیار کرتے اثرات سے نمٹنے کے لیے طبی خدمات کے عالمگیر نظام کے لیے مدد کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا۔ 
  • 60 ممالک نے ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے عمل میں خارج ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں کا خاتمہ کرنے کے عہد پر اتفاق کیا۔ 

سب سے زیادہ زیربحث موضوعات: 

  1. معدنی ایندھن کے استعمال کا خاتمہ یا اس میں کمی لانا 
  2. موسمیاتی اثرات کے خلاف استحکام میں اضافہ کرنا
  3. موسمیاتی تباہی کا سامنا کرنے والے غیرمحفوظ ممالک کی مالی مدد
معدنی ایندھن پر سرمایہ کاری جاری رہنے کے خلاف مظاہرہ ہو رہا ہے۔
© COP28/Christopher Edralin

اہم رپورٹوں کا اجرا 

'کاپ 28' کے ابتدائی نصف میں جو اہم رپورٹیں جاری کی گئیں ان میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کے سائنسی بنیاد پر دو سنجیدہ جائزے شامل ہیں۔

پہلی جائزہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ زمین جس رفتار سے گرم ہو رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی نہ لائی گئی تو انسانیت کو مکمل تباہی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ 

ڈبلیو ایم او کی دوسری رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ 2011 تا 2020 اب تک کی گرم ترین دہائی تھی۔ اس دوران گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نہایت تیز رفتار سے اضافہ ہوا جس سے قطبی برف اور پہاڑی خطوں کو خطرات لاحق ہو گئے۔ 

آئندہ توقعات 

تمام نگاہیں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اب تک کے اقدامات کے جائزے پر ٹکی ہیں۔ کانفرنس میں یہ دیکھا جانا ہے کہ 2015 کے پیرس معاہدے کی شرائط پر کس حد تک عملدرآمد ہوا ہے اور آئندہ کون سے اقدامات کرنا ضروری ہیں۔

متوقع طور پر کاپ 28 کا کام منگل کو ختم ہو گا جس میں پیرس معاہدے کے بعد موسمیاتی تبدیلی پر سب سے زیادہ نتیجہ خیز فیصلے متوقع ہیں۔