انسانی کہانیاں عالمی تناظر

صحت بخش غذا کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ایف اے او

غذائیت والی خوراک کی قیمتیں دنیا کے بیشتر علاقوں میں بڑھ گئی ہیں۔
© Unsplash/Mariana Medvedeva
غذائیت والی خوراک کی قیمتیں دنیا کے بیشتر علاقوں میں بڑھ گئی ہیں۔

صحت بخش غذا کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ایف اے او

صحت

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) نے بتایا ہے کہ صحت بخش خوراک کے حصول پر اٹھنے والے اخراجات 2020 کے مقابلے میں 4.3 فیصد بڑھ گئے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ اس رحجان سے زراعت پر فطری اور انسانی ہاتھوں سے آنے والی تباہی کے اثرات کا اندازہ ہوتا ہے۔

اپنی سالانہ شماریاتی رپورٹ میں میں ایف اے او کا کہنا ہے کہ ہر دو طرح کی تباہی سے زراعت کو سالانہ اوسطاً 123 ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ یہ عالمی سطح پر سالانہ زرعی پیداوار کا پانچ فیصد ہے۔ 

2021 میں زرعی شعبے میں کام کرنے والے لوگوں کی تعداد 87 کروڑ یا عالمگیر افرادی قوت کا 27 فیصد تھی۔ تاہم یہ تعداد اِس صدی کے آغاز پر زرعی شعبے میں کام کرنے والوں سے کہیں کم ہے۔

اُس وقت ایک ارب لوگ یا مجموعی افرادی قوت کا 40 فیصد زرعی شعبے سے وابستہ تھا۔ 

ایف اے او کی اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ذیلی صحارا افریقہ میں فصل کی کٹائی کے بعد تقریباً 20 فیصد خوراک ضائع ہو جاتی ہے۔ یہ دنیا بھر میں کسی جگہ خوراک کا سب سے بڑا ضیاع ہے۔