عالمی ٹوائلٹ ڈے: محفوظ نکاسیِ آب کے اختراعی طریقے
آج ٹوائلٹ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر دنیا بھر میں صاف پانی، نکاسی آب اور صحت و صفائی تک رسائی بڑھانے کے لیے بہت سے اختراعی اقدامات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
دنیا بھر کے لوگوں کو ٹوائلٹ اور حفظان صحت کی سہولتوں تک رسائی دینے کی رفتار تیز کرنا اس دن کا خاص موضوع ہے۔ اسی مقصد کو لے کر دنیا بھر کے اختراع ساز محفوط ٹوائلٹ سے محروم 3.5 ارب لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
اس سلسلے میں اپنے گاؤں میں صحت و صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کرنے والی ایک نیپالی خاتون سے لے کر یونیسف تک بہت سے لوگوں اور اداروں کا کام نمایاں ہے۔ یونیسف نے 2022 میں ایک لائحہ عمل شروع کیا تھا جس کے تحت تمام لوگوں کو صاف پانی اور نکاسی آب تک رسائی دینے کے لیے پائیدار ترقی کے ہدف 6 کی جانب تیزرفتار پیش قدمی کرنا ہے۔
ماحول دوست ٹوائلٹ
کینیا کے علاقے کیسومو میں نوجوانوں کا ایک گروہ بھی حفظان صحت و نکاسی آب کے لیے اختراعی کام کر رہا ہے۔
ان نوجوانوں کی بنائی گئی کمپنی سینی وائز نے ایک ایسا ماحول دوست ٹوائلٹ بنایا ہے جو زرعی مقاصد کے لیے کھاد اور مرغیوں کی خوراک بھی پیدا کرتا ہے۔
اس کمپنی سے تعلق رکھنے والی چیلسی جوہانس کہتی ہیں کہ ان کی پرورش اکیلی ماں نے ایک غریب علاقے میں کی تھی۔ اسی لیے وہ ٹوائلٹ سے متعلق مسائل سے آگاہ ہیں۔ ٹوائلٹ کو فعال اور صاف رکھنا آسان نہیں ہوتا اور کوئی بھی اس مقصد کے لیے پیسے نہیں دینا چاہتا اور 'یہی وجہ ہے کہ ہم نے سینی وائز کی بنیاد رکھی'۔
سینی وائز کی ٹیم نے اس ٹوائلٹ کا نیلے رنگ کا ہوا دار نمونہ تیار کیا ہے جس کی طرز پر وہ مقامی لوگوں کے لیے مزید بہت سے ٹوائلٹ بنانا چاہتی ہے۔
اس مقصد کے لیے اسے ابتدائی مالی وسائل اس وقت حاصل ہوئے جب اس نے 'جنریشن اَن لمیٹڈ' کی جانب سے منعقدہ ایک عالمی مقابلے میں بہترین اختراع کا دوسرا اعزاز جیتا تھا۔ اسی ٹوائلٹ جیسی اختراعات کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اس ادارے کو یونیسف، مائیکروسافٹ، آئی کے ای اے اور دیگر شراکت داروں نے قائم کیا ہے۔
ماحول دوست نمونہ
پلاسٹک کے کچرے سمیت دوبارہ قابل استعمال بنائی گئی اشیا سے بنا یہ ٹوائلٹ پوری طرھ ہوا دار ہے اور اس میں خشک ٹوائلٹ کی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ ٹوائلٹ کے نچلے حصے میں سیاہ سولجر فلائی لاروا انسانی فضلے کو کھاد میں تبدیل کر دیتا ہے۔
اس عمل میں چار روز صرف ہوتے ہیں اور اس کے بعد یہ کھاد فروخت کے لیے تیار ہوتی ہے۔
اپنی مدد آپ
سینی وائز اس ٹوائلٹ کے استعمال سے بنائی جانے والی ذیلی اشیا مقامی کسانوں کو بھی فروخت کرتی ہے۔ 77 سالہ جان اوچائنگ انہی کسانوں میں سے ایک ہیں۔ وہ چیلسی جوہانس اور ان کے ساتھیوں سے کھاد خریدتے اور اسے اپنے کھیتوں میں استعمال کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اس ٹوائلٹ کے بارے میں بہت متجسس تھے۔ جب انہیں معلوم ہوا کہ یہ کھاد اور مرغیوں کی خوراک بھی پیدا کرتا ہے تو انہوں نے ان چیزوں کے نمونے لیے جو نہایت کارآمد ثابت ہوئے۔
وہ کہتے ہیں کہ اس کھاد سے ان کی فصل نہایت سرسبز اور بھرپور ہوئی۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے ٹوائلٹ سے پیدا ہونے والی مرغیوں کی خوراک بھی خریدی جسے انہوں نے شوق سے کھایا۔
جان کو خوشی ہے کہ نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت اس طرح کے کام کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے تعاون سے صاف پانی اور نکاسی آب کی بہتر سہولیات کے لیے دنیا بھر میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں مزید جانیے۔
ایس ڈی جی 6: صاف پانی اور نکاسی آب
- پینے کے محفوظ اور سستے پانی تک عالمگیر اور مساوی رسائی اور تمام لوگوں کے لیے مناسب و مساوی نکاسی آب اور صحت و صفائی کی سہولیات ممکن بنانا
- آلودگی میں کمی لا کر پانی کے معیار کو بہتر کرنا
- دنیا بھر میں اشیا کو نئی شکل میں کارآمد بنانا اور ان کا دوبارہ محفوظ استعمال بڑھانا
- تمام شعبوں میں پانی کے استعمال کی کو بہتر کرنا
- پینے کے پانی اور نکاسی آب کے انتظام میں بہتری لانے کے لیے مقامی لوگوں کو مدد دینا اور ان کی شرکت کو مضبوط بنانا
اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 2.2 ارب لوگوں کو محفوظ انداز میں صاف پانی اور ہاتھ دھونے کے بنیادی سہولیات تک رسائی نہیں ہے۔ اسی طرح 3.5 ارب لوگ ٹوائلٹ تک محفوظ رسائی سے محروم ہیں۔