انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غیرفوجی یوکرینی بحری جہاز پر روسی حملے پر افسوس کا اظہار

یوکرین کا شہر اوڈیسہ۔
© IMF/Brendan Hoffman
یوکرین کا شہر اوڈیسہ۔

غیرفوجی یوکرینی بحری جہاز پر روسی حملے پر افسوس کا اظہار

امن اور سلامتی

یوکرین میں اقوام متحدہ کی امدادی رابطہ کار ڈنیز براؤن نے یوکرین کے شہر اوڈیسا میں بحیرہ اسود کی بندرگاہ پیوڈینی میں غیرفوجی بحری جہاز پر روس کے حملے کو ازحد افسوس ناک قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بندرگاہوں پر روس کے سفاکانہ اور بے رحمانہ حملوں کے نتائج یوکرین کی معیشت اور دنیا بھر میں بھوک کا سامنا کرنے والے کروڑوں لوگوں کے لیے تباہ کن ہوں گے۔

Tweet URL

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بدھ کو ہونے والے اس حملے کا ارتکاب جنگی کارروائیوں کے ایک سلسلے کے بعد ہوا جن میں عام شہری ہلاک و زخمی ہوئے، اناج کی ترسیل کا نظام تباہ ہوا اور اس ساحلی شہر میں فنون لطیفہ کے تاریخی عجائب گھر کو نقصان پہنچا۔

بندرگاہیں نشانے پر

انہوں نے بحری جہاز چلانے والے اہلکار کی ہلاکت پر افسوس اور زخمیوں کی صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔ 

جولائی میں روس کی جانب سے بحیرہ اسود کے راستے اناج کی برآمد کے اقدام سے دستبرداری کے بعد یوکرین کی بندرگاہوں پر 30 سے زیادہ حملے ہو چکے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی تجارتی جہاز پر حملے میں غیرفوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ 

اطلاعات کے مطابق، جہاز کے زخمی ہونے والے عملے میں فلپائن سے تعلق رکھنے والے اہلکار شامل ہیں۔