انسانی کہانیاں عالمی تناظر

موجودہ سال ریکارڈ پر گرم ترین سال ہوگا: ڈبلیو ایم او

کینیا کے شمالی علاقوں میں لوگوں کا خشک سالی کا سامنا ہے۔
© UNEP/Nayim Ahmed Yussuf
کینیا کے شمالی علاقوں میں لوگوں کا خشک سالی کا سامنا ہے۔

موجودہ سال ریکارڈ پر گرم ترین سال ہوگا: ڈبلیو ایم او

موسم اور ماحول

اکتوبر نے بلند درجہ حرارت کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں جس کے بعد 2023 تقریباً یقینی طور پر معلوم تاریخ کا گرم ترین سال ہو گا۔ درجہ حرارت میں یہ اضافہ جاری رہنے کی توقع ہے کیونکہ گرمی میں اضافے کا باعث بننے والے ال نینو اثرات آئندہ برس بھی برقرار رہیں گے۔

اقوام متحدہ کے عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) نے بتایا ہے کہ رواں سال اب تک عالمی درجہ درجہ حرارت میں اضافہ قبل از صنعتی دور کے مقابلے میں 1.43 فیصد زیادہ رہا اور انٹارکٹکا میں سمندری برف اب تک کی کم ترین سطح پر رہی ہے۔

Tweet URL

ماہرین کو توقع ہےکہ ال نینو کا گرم ہوتا موسمیاتی نمونہ اپریل 2024 تک برقرار رہے گا۔ 'ڈبلیو ایم او' کے سربراہ پیٹری ٹالس نے کہا ہےکہ عالمی درجہ حرارت پر ایل نینو کے اثرات عام طور پر اس سے اگلے برس میں ظاہر ہوتے ہیں اور اگلا برس کہیں زیادہ گرم ہو سکتا ہے۔ 

موسمی شدت میں اضافے کے خدشات

اس سے پہلے 2016 معلوم تاریخ کا گرم ترین سال تھا جس کی وجہ غیرمعمولی طور سے شدید ال نینو اور موسمیاتی تبدیلی تھی۔

ال نینو کی کیفیت زیرسمندر گرم پانی کے اس کی سطح پر آنے سے جنم لیتی ہے جس سے فضا میں بڑے پیمانے پر حرارت خارج ہوتی ہے۔

پیٹری ٹالس کا کہنا ہے کہ اگرچہ ال نینو ایک فطری مظہر ہے تاہم یہ انسانی سرگرمیوں سے خارج ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں میں جمع ہونے والی حرارت میں اضافے کے نتیجے میں آنے والی موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں جنم لیتا ہے۔ 

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ انہی عوامل کی بنا پر آئندہ بعض خطوں میں گرمی کی لہریں، خشک سالی، جنگلوں کی آگ، شدید بارشیں اور سیلاب بدترین صورت اختیار کر سکتے ہیں۔

'ڈبلیو ایم او' نے بتایا ہےکہ رواں سال مئی سے مشرقی استوائی الکاہل میں سطح سمندر کے ماہانہ اوسط درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا جو ماضی کے اوسط درجے سے 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ کر ستمبر میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا۔

یہ تخمینے 1991 تا 2020 کے عرصہ میں اوسط درجہ حرارت کی مطابقت سے لگائے گئے ہیں اور اس مقصد کے لیے سطح سمندر کے درجہ حرارت میں اضافے سے متعلق اعدادوشمار (او آئی ایس ایس ٹی) کے تازہ ترین ورژن کو استعمال کیا گیا۔ 

گرم ترین اکتوبر

گزشتہ مہینہ اب تک کا گرم ترین اکتوبر تھا جس کے دوران عالمی درجہ حرارت میں 1991 سے 2020 کے درمیانی عرصہ کے اوسط درجہ حرارت کے مقابلے میں 0.85 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوا۔ یہ مہینہ گزشتہ گرم ترین اکتوبر کے مقابلے میں 0.40 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ گرم رہا۔ 

اکتوبر مسلسل چھٹا مہینہ تھا جب انٹارکٹکا کی سمندری برف سال کی کم ترین سطح پر رہی جبکہ ماہانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو اس دوران برف میں سابقہ اوسط کے مقابلے میں 11 فیصد کمی ہوئی۔ اکتوبر میں قطب شمالی میں برف کی سطح ساتویں کم ترین درجے پر دیکھ گئی جو کہ مجموعی اوسط سے 12 فیصد کم تھی۔ 

استوائی بحرالکاہل میں ال نینو کیفیات میں اضافہ ہو رہا ہے جبک اس میں بے قاعدگیاں 1997 اور 2015 کے کڑے ترین ال نینو کے حالات کے مقابلے میں کم ترین سطح پر دیکھی جا رہی ہیں۔