انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این کی یوکرین پر روسی حملوں کی نئی لہر کی مذمت

یوکرین کے سرحدی علاقے پر بمباری سے متاثرہ افراد میں اقوام متحدہ کی طرف سے امداد تقسیم کی جا رہی ہے۔
© UNOCHA/Saviano Abreu
یوکرین کے سرحدی علاقے پر بمباری سے متاثرہ افراد میں اقوام متحدہ کی طرف سے امداد تقسیم کی جا رہی ہے۔

یو این کی یوکرین پر روسی حملوں کی نئی لہر کی مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ نے یوکرین کے مختلف حصوں میں اہم تنصیبات پر روس کے تازہ ترین حملوں کڑی مذمت کی ہے جن میں بچوں سمیت بہت سے شہری زخمی ہو گئے ہیں اور رہائشی و تجارتی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

یوکرین کی حکومت کے مطابق روس نے گزشتہ دو روز میں اس کے تقریباً نصف علاقوں میں 100 سے زیادہ شہروں پر بم باری کی ہے۔

Tweet URL

ان میں بیشتر شہر محاذ جنگ کے قریب واقع ہیں۔ اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے بتایا ہےکہ ان حملوں میں توانائی کی تنصیبات، سکول، ہسپتال اور دیگر سرکای عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ جنوب میں کیرسون اور مشرق میں ڈونیسک کے علاقوں کو ان حملوں میں خاص طور پر نقصان پہنچا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ اقوام متحدہ کو موسم سرما کی آمد پر ہونے والے حملوں اور ان سے ملک بھر میں شہریوں کو لاحق خطرات پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف حملے ممنوع ہیں اور انہیں فوری بند ہونا چاہیے۔ 

جمعرات کی شب خارکیئو شہر بھی حملوں کی زد میں آیا۔ سٹیفن ڈوجیرک نے بتایا کہ شہر میں اقوام متحدہ کے شراکت دار غیر سرکاری اداروں نے ان لوگوں کو نفسیاتی مدد اور پناہ کا سامان مہیا کیا ہے جن کے گھر تباہ ہو گئے ہیں۔ 

شہریوں کی امداد

اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار محاذ جنگ کے قریب آبادیوں کو ضروری مدد فراہم کر رہے ہیں۔ سٹیفن ڈوجیرک نے بتایا کہ آج ایک بین الاداری قافلے نے تقریباً 1,600 ایسے لوگوں کو ضروری مدد فراہم کی جو ژیپوریزیا میں اوریکیئو شہر میں محاذ جنگ کے قریب رہتے ہیں۔ 

رواں سال ہی اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے اس علاقے میں محاز جنگ کے قریب رہنے والے لوگوں کو 14 امدادی قافلوں کے ذریعے مدد فراہم کی ہے۔ جنوبی محاذ کے قریب 30 ہزار سے زیادہ لوگ اس مدد سے مستفید ہوئے۔

رواں سال کے آغاز سے مجموعی طور پر 96 امدادی قافلے محاذ جنگ کے قریب مدد فراہم کر چکے ہیں۔ 

موسم سرما کی آمد سے قبل امدادی کارکن لوگوں میں گرم کمبل، گدے اور ہیٹر مہیا کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے آئندہ برس مارچ تک یوکرین بھر میں 17 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو موسم سرما میں مدد مہیا کرنے کے لیے 435 ملین ڈالر فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔