انسانی کہانیاں عالمی تناظر

غزہ کی صورتحال ہر لمحہ مزید بگڑتی جا رہی ہے، گوتیرش

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نیپال کے وزیراعظم پشپا کمال ڈہل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
UN Nepal
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نیپال کے وزیراعظم پشپا کمال ڈہل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

غزہ کی صورتحال ہر لمحہ مزید بگڑتی جا رہی ہے، گوتیرش

معاشی ترقی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غزہ میں تمام شہریوں کو تحفظ دینے کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرمحاصرہ علاقے میں ہر لمحہ مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔

سیکرٹری جنرل نے نیپال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں انسانی نقصانات کو ناقابل قبول قرار دیا۔

Tweet URL

انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کی کڑی تعمیل کے اپنے متواتر مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے قوانین انسانی زندگی کو تحفظ دینے اور امدادی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے واضح ضوابط متعین کرتے ہیں، جنہیں مصلحتاً توڑا موڑا نہیں جا سکتا۔

سیکرٹری جنرل نیپال کے چار روزہ دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اسرائیل پر حماس کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والے 10 نیپالی طلبہ کے والدین سے تعزیت کی ہے۔

سیکرٹری جنرل نے یہ دورہ ایسے موقع پر کیا ہے جب غزہ کی پٹی میں بحران تیسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کے آخر پر اقوام متحدہ نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے جنگ بندی کے لیے کہا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ چند روز میں علاقے پر اسرائیل کی شدید بمباری اور زمینی حملے کی اطلاعات  آ رہی ہیں۔

غزہ کی صورتحال پر تشویش

سیکرٹری جنرل نے نیپال کے وزیراعظم پشپا کمال ڈہل کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ اگرچہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعہ نیپال سے ہزاروں میل دور ہے تاہم یہاں کے لوگ بھی اس سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے اسرائیل میں لاپتہ ہونے والے نیپالی شہری بپن جوشی کی محفوظ واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ میں یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی کا مطالبہ جاری رکھیں گے۔ 

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے خوفناک حملوں کی ایک مرتبہ پھر واضح طور پر مذمت کرتے ہیں۔ شہریوں کو ہلاک، زخمی اور اغوا کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے غزہ کی انتہائی سنگین صورتحال کا بھی تذکرہ کیا اور اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیل عالمی برادری کی جانب سے انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفے کی اشد ضرورت کے مطالبے کے جواب میں اپنی عسکری کارروائیوں میں مزید شدت لے آیا ہے۔ 

پائیدار ترقی کا نیپالی عزم

سیکرٹری جنرل نے نیپال کی امن و کثیرفریقی طریقہ کار کی حمایت کی دیرینہ روایت کو سراہا اور دنیا سے کہا کہ وہ نیپال کی بہتر دوست ثابت ہو جو موسمیاتی ابتری سے لاحق خطرے سمیت دیگر خارجی عوامل کی بنا پر بہت سے بحراںوں میں گھرا ہے۔ 

انہوں نے وزیراعظم ڈہل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ عالمی مسائل کے کثیرفریقی حل کی حمایت اور دنیا بھر میں قیام امن کی کارروائیوں میں بھرپور کردار ادا کرنے پر نیپال کا انتہائی مشکور ہے۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نیپالی صدر رامچندرا پوڈیل سے بھی ملاقات کی۔
UN Nepal
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نیپالی صدر رامچندرا پوڈیل سے بھی ملاقات کی۔

حیران کن ترقی

سیکرٹری جنرل نے ملک میں دو دہائیوں کے دوران ہونے والی "حیران کن ترقی" کو بھی سراہا جو اب جمہوریہ بن چکا ہے، جہاں امن قائم ہو گیا ہے اور جو پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کےحصول اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کی راہ پر گامزن ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ نیپال مزید کامیابیاں حاصل کرے گا اور آئندہ چند سال اس حوالے سے فیصلہ کن ہوں گے کیونکہ ملک کم ترین ترقی یافتہ ملک کے درجے سے بلند  ہونے کو ہے۔