انسانی کہانیاں عالمی تناظر

فلسطینی پناہ گزینوں کے امدادی ادارے ’انرا‘ کو ایندھن کی کمی کا سامنا

UNRWA کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی جنیوا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
© UN Photo/Srdjan Slavkovic انرا کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے خبردار کیا کہ ایندھن کے بغیر ادارہ غزہ کے لوگوں کی مدد نہیں کر سکے گا جن کی ضروریات ہر لمحہ بڑھ رہی ہیں (فائل فوٹو)۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے امدادی ادارے ’انرا‘ کو ایندھن کی کمی کا سامنا

انسانی امداد

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے 'انرا' نے خبردار کیا ہے کہ اس کے پاس امدادی مقاصد کے لیے صرف تین روز کی ضروریات کا ایندھن باقی ہے جبکہ علاقے میں بمباری سے ہلاک ہونے والے اس کے اہلکاروں کی تعداد 29 تک جا پہنچی ہے۔

ادارے کے ڈائریکٹر جنرل فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ ایندھن کے بغیر پانی کی فراہمی متاثر ہو گی، ہسپتال اور تنور غیرفعال ہو جائیں گے اور کسی طرح کی انسانی مدد فراہم کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ ایسے حالات میں بچوں اور خواتین سمیت غزہ کے لوگوں پر زندگی مزید تنگ ہو جائے گی۔

Tweet URL

'انرا' غزہ کی پٹی میں کام کرنے والا سب سے بڑا امدادی ادارہ ہے جہاں 20 لاکھ سے زیادہ لوگ رہتے ہیں۔ 7 اکتوبر کو اسرائیل کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد ان میں تقریباً نصف لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور پانچ لاکھ سے زیادہ آبادی نے ادارے کے مراکز میں پناہ لے رکھی ہے۔ 

'ایندھن فراہم کرنے کی اپیل' 

لازارینی نے خبردار کیا کہ ایندھن کے بغیر ادارہ غزہ کے لوگوں کی مدد نہیں کر سکے گا جن کی ضروریات ہر لمحہ بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے تنازع کے تمام فریقین اور ان پر اثرورسوخ رکھنے والے ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں ایندھن کی فوری فراہمی کی اجازت دیں اور اس کا امدادی مقاصد کے لیے استعمال یقینی بنائیں۔

'انرا' کے ڈائریکٹر جنرل نے ہفتے کو غزہ میں پہلے امدادی قافلے کی آمد کا خیرمقدم کیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ کافی نہیں اور علاقے میں متواتر امداد پہنچانے کی ضرورت ہے۔ 

'انرا' کے 29 اہلکاروں کی ہلاکت 

'انرا' نے اتوار کو علاقے کی صورتحال سے متعلق اپنی تازہ ترین رپورٹ بھی شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس کے عملے کے مزید 13 ارکان ہلاک ہو گئے ہیں اور اب یہ تعداد بڑھ کر 29 تک جا پہنچی ہے جبکہ 17 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں 'انرا' نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں نصف تعداد اساتذہ کی ہے۔ بحیثیت ادارہ 'انرا' کے لیے یہ تباہ کن صورتحال ہے اور وہ ایک دوسرے اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں۔ 

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 'انرا' کے سکولوں میں 12 پناہ گزین ہلاک اور تقریباً 180 زخمی ہو چکے ہیں۔