تنازعات کی بدلتی شکل میں یو این اور افریقن یونین میں تعاون ضروری
افریقن یونین کے لیے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے پارفیٹ اونانگا۔انیانگا نے سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ اقوام متحدہ اور افریقن یونین کی شراکت کثیرفریقی تعاون کا ستون ہے اور دونوں کے مابین ہم آہنگی حالیہ مسائل سے نمٹنے میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔
نیویارک میں کونسل کے سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ افریقہ میں تنازعات بڑھ رہے ہیں جو مزید پیچیدہ اور بے قابو ہونے لگے ہی۔
خاص طور پر سیحل خطے میں فوجی بغاوتوں نے عدم استحکام، انسانی حقوق کی پامالیوں اور انسانی بحران میں مزید شدت پیدا کر دی ہے جبکہ سوڈان کو تباہ کن مسلح تنازع کا سامنا ہے۔
جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) بھی انتخابات کی تیاریوں کے موقع پر سلامتی کے مسائل اور انسانی خدشات کا سامنا کر رہا ہے۔
انہوں نے قیام امن کے لیے اقوام متحدہ اور افریقن یونین کے مابین تعاون سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی تشدد، دہشت گردی اور انتہاپسندی میں اضافے سے حکومتی انتظام میں سنگین خامیاں سامنے آ رہی ہیں۔
افریقن یونین کی بااختیاری
اونانگا۔انیانگا افریقن یونین کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر کے سربراہ بھی ہیں جنہوں نے براعظم میں امن و سلامتی کو لاحق پیچیدہ اور فعال خطرات سے نمٹنے کے لیے افریقن یونین کے ساتھ بین الاقوامی شراکت داری کی اہمیت کو واضح کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن عمل میں تعاون کے لیے افریقن یونین کے زیرقیادت کارروائیوں سے سلامتی کونسل مضبوط ہو گی اور مزید بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکے گی جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'افریقن گورننس آرکیٹکچر' اور 'افریقن پیس اینڈ سکیورٹی' کے طریقہ ہائے کار کو کام میں لاتے ہوئے قیام امن کے لیے تنازعات کے خلاف بھرپور اقدامات میں موثر طور سے مدد دی جا سکتی ہے اور انہیں مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
مشترکہ دورے
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور افریقن امن و سلامتی کونسل کے مابین خاص طور پر مشترکہ دوروں اور رابطہ اجلاسوں کے ذریعے تعاون کی کوششیں بھی تنازعات کی پیچیدہ نوعیت سے نمٹنے، ان کی روک تھام اور انہیں محدود رکھنے کے اقدامات اور تزویراتی ربط بڑھانے میں خاص اہمیت رکھتی ہیں۔
علاوہ ازیں ایسے دوروں سے عام بھلائی کے پیغامات پہنچانے کے مواقع فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔