انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کونسل کے نئے ارکان کا انتخاب

انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کے انتخاب میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک ووٹ ڈال رہے ہیں۔
UN Photo/Loey Felipe
انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کے انتخاب میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک ووٹ ڈال رہے ہیں۔

جنرل اسمبلی میں انسانی حقوق کونسل کے نئے ارکان کا انتخاب

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 نئے ممالک کو انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کے لیے منتخب کیا ہے۔ پیرو اور روس کونسل میں دوبارہ نشست حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

47 رکنی کونسل کا حصہ بننے والے نئے ممالک میں البانیہ، برازیل، بلغاریہ، برونڈی، چین، آئیوری کوسٹ، کیوبا، ڈومینیکن رپبلک، فرانس، گھانا، انڈونیشیا، جاپان، کویت، ملاوی اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

Tweet URL

یہ ممالک یکم جنوری 2024 سے آئندہ تین سال کے لیے کونسل کے رکن ہوں گے۔ ووٹ ڈالے جانے اور ان کی گنتی کے بعد اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے ان ممالک کی کامیابی کا اعلان کیا

چین، آئیوری کوسٹ، کیوبا، فرانس اور ملاوی نے متواتر دوسری مدت کے لیے کونسل کا انتخاب جیتا ہے۔  

انسانی حقوق کونسل اقوام متحدہ کے اہم ترین اداروں میں شامل ہے جس کے پاس دنیا بھر میں بنیادی آزادیوں کے فروغ کی ذمہ داری ہے۔ یہ ادارہ 2006 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کے ارکان کی مجموعی تعداد 47 ہے جنہیں جنرل اسمبلی کے ارکان خفیہ ووٹ کے ذریعے کثرت رائے سے منتخب کرتے ہیں۔ 

کونسل میں جغرافیائی اعتبار سے مساوی نمائندگی یقینی بنائی جاتی ہے۔ اس میں براعظم افریقہ سے 13، ایشیا الکاہل سے 13، مشرقی یورپ سے 6، لاطینی امریکہ اور غرب الہند سے 8 اور مغربی یورپ و دیگر خطوں سے 7 ممالک کو منتخب کیا جاتا ہے۔ 

رائے شماری کی تفصیل

حالیہ رائے شماری کے موقع پر ملاوی 182 ووٹ لے کر افریقی ممالک میں سرفہرست رہا، آئیوری کوسٹ کو 181، گھانا کو 179، برونڈی کو 168 اور نائجیریا کو 3 ووٹ ملے۔ ایشیا الکاہل میں انڈونیشیا 186 ووٹوں کے ساتھ سرفہرست آیا۔ کویت کو 183، جاپان کو 175 اور چین کو 154 ووٹ حاصل ہوئے۔ 

مشرقی یورپ میں بلغاریہ کو 160 ووٹ ملے جس کے بعد البانیہ نے 123 اور روس نے 83 ووٹ حاصل کیے۔ روس 7 اپریل 2022 کو ادارے کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد اب دوبارہ اس کا رکن منتخب ہونا چاہتا تھا۔

لاطینی امریکہ اور غرب الہند سے کیوبا 146 ووٹ لے کر سرفہرست رہا۔ برازیل نے 144، ڈومینیکن ریپبلک نے 137 اور پیرو نے 108 ووٹ حاصل کیے۔ ڈومینیکن ریپبلک کو پہلی مرتبہ انسانی حقوق کونسل کی رکنیت ملی ہے۔ 

مغربی یورپ اور دیگر خطوں سے نیدرلینڈز نے 169 ووٹ حاصل کیے اور فرانس 153 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہا۔

کونسل کے دیگر 32 ارکان میں الجزائر، ارجنٹائن، بنگلہ دیش، بیلجیئم، بینن، کیمرون، چلی، کوسٹاریکا، اریٹریا، فن لینڈ، گیمبیا، جارجیا، جرمنی، ہونڈوراس، انڈیا، قازقستان، کرغیزستان، لیتھوانیا، لکسمبرگ، ملائشیا، مالدیپ، مونٹی نیگرو، مراکش، پیراگوئے، قطر، رومانیہ، صومالیہ، جنوبی افریقہ، سوڈان، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور ویت نام شامل ہیں۔