مقامی حکومتوں پر سیکرٹری جنرل کے مشاورتی گروپ کا قیام
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے مقامی اور علاقائی حکومتوں کے بارے میں اپنا مشاورتی گروپ قائم کیا ہے جو ترقی کے عمل میں ان حکومتوں کی موثر شمولیت کے لیے ادارہ جاتی طریق کار کو بہتر بنانے کے طریقے وضع کرے گا۔
گروپ کا قیام اس کے 20 ارکان کے ساتھ سیکرٹری جنرل کے پہلے ہائبرڈ اجلاس میں عمل میں آیا۔
اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتیرش کا کہنا تھا کہ کثیرملکی اداروں کا کام مزید موثر بنانے اور لوگوں اور زمین کو درپیش موجودہ اور آئندہ مسائل سے نمٹنے کے طریقے تلاش کرتے ہوئے مقامی اور علاقائی حکومتوں کے نقطہ ہائے نظر اور ان کی شمولیت ضروری ہے۔
یہ مشاورتی گروپ دنیا بھر سے مقامی اور علاقائی حکومتوں کے 15 نمائندوں پر مشتمل ہے جن کی نامزدگی ایک عالمگیر ٹاسک فورس نے کی ہے۔
کانفرنس برائے مستبقل
اس گروپ میں کولمبیا، انڈیا، نائجیریا، فلپائن اور سپین کے رہنما بھی شامل ہیں جو کثیر سطحی حکومتی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں یا اس حوالے سے مہارت رکھتے ہیں۔
گروپ کے ارکان ایک سال کے لیے کام کریں گے اور تین مواقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقاتوں میں انہیں مقامی و علاقائی حکومتوں کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کریں۔
گروپ کے اس کام کو آئندہ برس ستمبر میں ہونے والی 'مستقبل کی کانفرنس' کی تیاریوں کے عمل میں زیرغور لایا جائے گا۔ یہ کانفرنس دنیا بھر کے ممالک کے لیے اہم مسائل پر تعاون کو بڑھانے اور دیگر مقاصد کے علاوہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کے لیے ان کے عزم کی تجدید کا موقع ہو گا۔
متوقع طور پر یہ گروپ مستقبل کی کانفرنس سے قبل اپنے مقاصد کے حوالے سے تزویراتی رہنمائی کے ساتھ متعدد سفارشات بھی پیش کرےگا۔