انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کاراباخ کی بگڑتی صورتحال میں ہزاروں افراد آرمینیا ہجرت پر مجبور

پناہ گزین نجی گاڑیوں، منی بسوں اور ٹرکوں کا استعمال کرتے ہوئے آرمینیا کے سرحدی شہر گوریس پہنچتے ہیں۔
© UNHCR/Karen Minasyan پناہ گزین آرمینیا کے سرحدی گاؤں گورس پہنچ رہے ہیں۔

کاراباخ کی بگڑتی صورتحال میں ہزاروں افراد آرمینیا ہجرت پر مجبور

انسانی امداد

پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے بتایا ہے کہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصہ میں کاراباخ خطے سے 88,000 سے زیادہ پناہ گزین آرمینیا کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں اور امدادی ضروریات بڑھتی جا رہی ہیں۔

تقریباً 65,000 افراد کو پہلے ہی آرمینیا میں حکومت کے زیراہتمام چلائے جانے والے مراکز میں رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے جہاں ان لوگوں کی طویل قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں۔

Tweet URL

اندیشے اور خوف 

آرمینیا میں 'یو این ایچ سی آر' کی نمائندہ کاویتا بیلانی نے کہا ہے کہ ادارہ پناہ گزینوں کو بنیادی امدادی اشیا مہیا کر رہا ہے اور اس کی کارروائیاں بحران کے پہلے دن سے ہی جاری ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ لوگ تھک چکے ہیں۔ وہ نو ماہ سے ناکہ بندی کی حالت میں رہ رہے تھے۔ جب وہ یہاں پہنچے تو انہیں خوف اور اندیشے لاحق تھے اور وہ نہیں جانتے کہ آئندہ کیا ہونے والا ہے۔ 

بیلانی نے کہ بڑی تعداد میں آنے والے ان لوگوں کو نفسیاتی مدد، علاج معالجے اور پناہ کی اشد ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ بڑوں اور بچوں کے لیے مخصوص مدد بھی درکار ہے۔ 

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے جینیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ کاراباخ سے آںے والے لوگوں میں 30 فیصد تعداد بچوں کی ہے اور ان میں بہت سے اپنے خاندانوں سے بچھڑ چکے ہیں۔ 

اقوام متحدہ کے اقدامات 

یونیسف آرمینیا کے حکام کے تعاون سے ان بچوں کے عزیزوں کو ڈھونڈنے میں تعاون کر رہا ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے رشتہ داروں سے یکجا ہو سکیں۔ 

کاویتا بیلانی نے کہا کہ 'یو این ایچ سی آر' پناہ گزینوں کے لیے بین الاداری اقدامات کی قیادت اور آرمینیا کی حکومت کی امدادی کوششوں کی تکمیل میں تعاون کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کی اپیل کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ 

انہوں ںے واضح کیا کہ اگرچہ امدادی منصوبہ چھ ماہ کے لیے ہے تاہم اقوام متحدہ آرمینیا کو نئے آنے والے پناہ گزینوں کی ضروریات سے نمٹنے کے لیے طویل مدتی مدد کی فراہمی پر پہلے ہی غور کر رہا ہے۔

اس ہفتے کے آغاز پر نسل کشی کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی مشیر ایلیس ویریمو ڈیریٹو نے کاراباخ کی صورتحال پر سنگین تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس علاقے میں موجود اور نقل مکانی کر جانے والےآرمینیا نسل کے لوگوں کا تحفظ اور ان کے انسانی حقوق یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔