انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انڈیا: منتخب اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کا خیرمقدم

انڈیا کے علاقے راجھتسان میں خواتین قائدانہ صلاحیتوں بارے ایک تربیتی ورکشاپ میں شریک ہیں۔
UN Women/Ashutosh Negi انڈیا کے علاقے راجھتسان میں خواتین قائدانہ صلاحیتوں بارے ایک تربیتی ورکشاپ میں شریک ہیں۔

انڈیا: منتخب اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کا خیرمقدم

خواتین

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے انڈیا کے قانون ساز اداروں میں خواتین کے لیے بڑی تعداد میں نشستیں مخصوص کیے جانے کے بِل کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔

اس بِل کے تحت قومی اور ریاستی پارلیمانی اداروں میں ایک تہائی نشستیں خواتین کے لیے مختص ہوں گی۔

Tweet URL

ملک کی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی جانب سے منظور کردہ اس بِل سے قانون ساز اداروں میں خواتین کی نمائندگی کو آئینی تحفظ ملے گا۔ ہائی کمشنر نے اسے سیاسی و پارلیمانی امور میں خواتین کی شرکت کے حق اور صنفی مساوات کو برقرار رکھنے کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

سیاست میں خواتین کی آواز

ہائی کمشنر نے دنیا بھر کے قانون سازوں سے کہا کہ وہ خواتین کو بھرپور نمائندگی دینے کے لیے انڈیا کی طرز پر قانونی اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں جہاں ضروری ہو وہاں صنفی کوٹہ مقرر کیا جائے تاکہ سیاسی بات چیت میں خواتین کی آوازوں کو بھی دوسروں سے مساوی طور پر اہمیت مل سکے۔

اس بِل کو کم از کم 50 فیصد ریاستوں کی منظوری درکار ہے اور ہائی کمشنر نے اس کی فوری حمایت کے لیے کہا ہے۔ انہوں نے انڈیا کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ 'نچلی ذاتوں' اور 'نچلے قبائل' لیے مخصوص کوٹے کے ساتھ جتنا جلد ممکن ہو اس نظام کو نافذ کرے۔

ہر طبقے کی نمائندگی

ہائی کمشنر نے عوامی زندگی میں ہر پس منظر کی حامل خواتین کی شرکت کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا جس سے بحیثیت مجموعی معاشرے پر گہرے اور مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ پائیدار ترقی کے اہداف پر عملدرآمد کی جانب ایک اہم قدم اور خواتین کے خلاف ہر طرح کے امتیازی سلوک کے خاتمے سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت انڈیا کی ذمہ داری ہے۔