انڈیا: منی پور میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں پر تشویش
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین نے انڈیا کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
حقوق کی ان خلاف ورزیوں میں جنسی تشدد، ماورائے عدالت قتل، گھروں کی تباہی، لوگوں کی ان کے گھروں سے جبری بیدخلی، تشدد اور بدسلوکی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
ماہرین نے منی پور میں سنگین انسانی صورتحال کے تناظر میں ناکافی امدادی اقدامات کی نشاندہی کی۔ یہ حالات مئی 2023 میں ہندو قبیلے میٹی اور عیسائی برادری کوکی کے مابین شروع ہونے والے تازہ ترین مسلح تنازعے کا نتیجہ ہیں۔
وسط اگست 2023 تک اس تنازعے میں اندازاً 160 افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہو چکے تھے جن میں کوکی قبیلے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی اکثریت ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس تنازعے کے نتیجے میں ہزاروں لوگوں کو اپنے علاقوں سے نقل مکانی کرنا پڑی، ہزاروں گھر اور سیکڑوں چرچ جلا دیے گئے اور کھیتوں کھلیانوں کو تباہ کر دیا گیا جس سے فصلوں اور روزگار کا نقصان ہوا ہے۔
صنفی بنیادوں پر تشدد
ماہرین کا کہنا ہے کہ صنفی بنیاد پر ہونے والے تشدد کی اطلاعات اور تصاویر خوفناک ہیں جن میں ہر عمر کی سیکڑوں خواتین اور لڑکیوں کو ہدف بنایا گیا۔ ان میں بیشتر کا تعلق کوکی اقلیتی برادری سے ہے۔
خواتین اور لڑکیوں پر ہونے والے مبینہ تشدد میں اجتماعی زیادتی، خواتین کو برہنہ کر کے راستوں پر گھمانے، لوگوں کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنا کر قتل کرنے اور انہیں زندہ یا مردہ حالت میں جلا دینے جیسے واقعات شامل ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ یہ بات خاص طور پر تشویش کا باعث ہے کہ تشدد بظاہر نفرت آمیز اور اشتعال انگیز اظہار کے باعث شروع ہوا جسے کوکی اقلیت اور خصوصاً اس کی خواتین کے خلاف ان کی نسل اور مذہبی عقائد کی بنا پر کیے جانے والے مظالم کا جواز پیدا کرنے کے لیے آن اور آف لائن طریقوں سے پھیلایا گیا۔
ماہرین کے مطابق انہیں نسلی و مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد اور جبر کے اقدامات کو جائز قرار دینے کے لیے انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے غلط استعمال پر بھی تشویش ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ منی پور میں پیش آنے والے حالیہ واقعات انڈیا میں مذہبی و نسلی اقلیتوں کے لیے متواتر بگڑتی صورتحال میں المناک اضافہ ہیں۔
حکومتی سست روی
انہوں ںے کہا کہ انہیں انڈیا کی حکومت بشمول نفاذ قانون کے اداروں کی جانب سے جسمانی اور جنسی تشدد اور نفرت پر مبنی اظہار کا خاتمہ کرنے کے لیے بظاہر سست رو اور ناکافی اقدامات اٹھائے جانے پر سنگین خدشات ہیں۔
ماہرین نے منی پور میں وکلا اور انسانی حقوق کے محافظوں کی جانب سے حقائق سے آگاہی کے لیے مشن کے قیام اور انڈیا کی سپریم کورٹ کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لیے جانے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ اقدامات مزید بروقت بھی اٹھائے جا سکتے تھے۔
عدالتی نگرانی
انہوں نے سپریم کورٹ پر زور دیا کہ وہ حکومت اور دیگر کرداروں کے اقدامات کی نگرانی جاری رکھے جس میں انصاف، احتساب اور ازالے پر توجہ مرکوز رکھی جائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انہیں منی پور میں حقوق کی پامالیوں کے واقعات کی تفصیلات جمع کرنے والے انسانی حقوق کے کارکنوں کو مجرم قرار دینے اور انہیں ہراساں کیے جانے پر بھی تشویش ہے۔
ماہرین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی کوششوں میں اضافہ کرے، تشدد کے واقعات کی تحقیقات کے لیے موثر اور بروقت اقدامات اٹھائے اور ان کے ذمہ داروں کا محاسبہ کرے جن میں ایسے سرکاری حکام بھی شامل ہو سکتے ہیں جنہوں نے نسلی و مذہبی بنیاد پر نفرت اور تشدد بھڑکانے میں مدد دی ہو یا اس کی حوصلہ افزائی کی ہو۔
انسانی حقوق ماہرین
خصوصی اطلاع کار اور انسانی حقوق کے دیگر غیرجانبدار ماہرین کسی ملک کی خصوصی صورتحال یا موضوعاتی مسائل کی نگرانی کرنے اور اس بارے میں اطلاع دینےکے لیے متعین کیے جاتے ہیں۔
ماہرین انفرادی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کے عملے کا حصہ نہیں ہوتے اور اپنے کام کا معاوضہ بھی وصول نہیں کرتے۔