انسانی کہانیاں عالمی تناظر

روایتی ادویات پر پہلی عالمی کانفرنس انڈیا میں منعقد ہو رہی ہے

صدیوں سے روایتی اور متمم ادویات گھروں اور معاشروں میں صحت کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں۔
WHO
صدیوں سے روایتی اور متمم ادویات گھروں اور معاشروں میں صحت کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں۔

روایتی ادویات پر پہلی عالمی کانفرنس انڈیا میں منعقد ہو رہی ہے

صحت

روایتی ادویات کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کی پہلی کانفرنس 17 اور 18 اگست کو انڈیا کی ریاست گجرات کے شہر گاندھی نگر میں منعقد ہو گی۔

یہ کانفرنس جی20 کے وزرائے صحت کے اجلاس کے موقع پر ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد روایتی ادویات کے حوالے سے سیاسی عزم پیدا کرنا اور ثبوت کی بنیاد پر اقدامات اٹھانا ہے۔ یہ ادویات دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے لیے اپنی صحت اور بہتری کی ضروریات پوری کرنے کا پہلا ذریعہ ہوتی ہیں۔

Tweet URL

عالمی کانفرنس ڈبلیو ایچ او اور انڈیا کی حکومت کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہو گی 2023 میں جی20 کی سربراہی بھی انڈیا کے پاس ہے۔

بیماریوں کے قدیمی علاج

یہ کانفرنس روایتی ادویات تیار کرنے والے کارکنوں، ان کے صارفین، قومی پالیسی سازوں، بین الاقوامی اداروں، ماہرین تعلیم، نجی شعبے اور سول سوسائٹی سمیت تمام فریقین کے لیے بہتر طریقہ ہائے کار اور صحت و پائیدار ترقی پر روایتی ادویات کے اثرات سے متعلق تبدیلی لانے والی شہادتوں، معلومات اور اختراع کے تبادلے کا موقع ہو گی۔ 

صدیوں سے روایتی اور متمم ادویات گھروں اور معاشروں میں صحت کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں۔ یہ طب اور سائنس کے درمیان موجود رہی ہیں اور انہوں نے روایتی طبی متن کی بنیاد ڈالی ہے۔ 

آج دنیا میں تقریباً 40 فیصد ادویات کی بنیاد قدرتی اجزا پر ہے اور اسپرین، آرٹیمیسینین اور بچوں میں کینسر کے علاج سمیت متعدد اہم ادویات روایتی دواؤں سے بنی ہیں۔ نئی تحقیق بشمول جینوم اور مصنوعی ذہانت پر ہونے والی تحقیق بھی اب اس میدان کا رخ کر رہی ہے اور پودوں سے بننے والی دوائیں، قدرتی اشیا، صحت، بہبود اور متعلقہ امور پر کام کرنے والی صنعتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بڑھتی دلچسپی

اس وقت 170 رکن ممالک نے ڈبلیو ایچ او کو روایتی ادویات کے استعمال کے بارے میں بتایا ہے اور ان کے محفوظ، سستے اور مساوی استعمال کے حوالے سے پالیسیاں، معیارات اور ضابطے تشکیل دینے کے لیے شہادتوں اور معلومات کی فراہمی کی درخواست کی ہے۔

روایتی ادویات میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور ان کی طلب کے جواب میں ڈبلیو ایچ او نے انڈیا کی حکومت کے تعاون سے مارچ 2022 میں روایتی ادویات سے متعلق اپنا عالمی مرکز قائم کیا تھا۔ یہ اس شعبے سے متعلقہ علم کا گڑھ ہے اور اس کا مقصد قدیم دانائی اور جدید سائنس کو لوگوں اور کرہ ارض کی صحت و بہبود کے لیے کام میں لانا ہے۔

ورثہ اور تحقیق

روایتی ادویات سے متعلق ڈبلیو ایچ او کا مرکز ایسی ادویات کے شعبے میں ادارے کی موجودہ صلاحیت کو بڑھاتا ہے اور اسے اپنے چھ علاقائی دفاتر اور مرکزی دفتر میں انتظام، اصولوں اور ممالک کی مدد کے حوالے سے اپنے افعال کی تکمیل میں مدد دیتا ہے۔ 

اس مرکز میں شراکت، ثبوتوں، معلومات، حیاتیاتی تنوع اور اختراع پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے تاکہ عالمگیر صحت، دنیا میں ہر فرد کو علاج کی سہولت کی فراہمی اور پائیدار ترقی کے عمل میں بہتری ممکن ہو اور اس سلسلے میں یہ مرکز مقامی ورثوں، وسائل اور حقوق کے احترام سے بھی رہنمائی لیتا ہے۔ 

بین العلاقائی ماہرین کا ایک پینل کانفرنس کے مرکزی خیال، ترتیب، موضوعات اور مسائل کے حل کی بابت مشورہ دے گا۔ اس سلسلے میں تمام تازہ ترین معلومات یہاں اور روایتی ادویات کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کی پہلی عالمی کانفرنس کے آئندہ ویب صفحات پر پیش کی جائیں گی۔