انسانی کہانیاں عالمی تناظر

اقوام متحدہ کی ایکواڈور کے صدارتی امیدوار کے قتل کی مذمت

ایکواڈور کا دارالحکومت کیٹو۔
Quito, Ecuador's capital.
ایکواڈور کا دارالحکومت کیٹو۔

اقوام متحدہ کی ایکواڈور کے صدارتی امیدوار کے قتل کی مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ نے ایکواڈور میں ایک صدارتی امیدوار کے قتل کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اس جرم کی تحقیقات کریں۔

اطلاعات کے مطابق 59 سالہ فرنانڈو ولاویسینسئو کو دارالحکومت کوئیٹو میں بدھ کی شام انتخابی مہم کے دوران ایک ریلی سے واپسی پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

Tweet URL

اس واقعے میں نو افراد زخمی ہوئے جن میں قانون ساز اسمبلی کا ایک امیدوار اور پولیس کے دو افسر بھی شامل ہیں۔ 

یہ حملہ 20 اگست کو ہونے والے انتخابات سے محض دو ہفتے پہلے ایسے وقت ہوا ہے جب ملک میں تشدد و جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 

خوفناک مجرمانہ فعل

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایکواڈور میں اقوام متحدہ کے دفتر نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے کہا ہے تاکہ ذمہ داروں کو چھوٹ ملنے کا تاثر پیدا نہ ہو۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے تشدد کی اس لہر کو روکنے کی کوششوں میں اضافے کے لیے بھی کہا ہے جو افسوسناک طور سے ملک کے لوگوں کو متاثر کر رہی ہے۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے اس واقعے کو خوفناک مجرمانہ فعل قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ 

انہوں ںے فوری طور پر اس واقعے کی شفاف، مفصل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ اس کے ذمہ داروں کا محاسبہ ہو سکے۔ 

حفاظتی اقدامات میں اضافہ 

انہوں نے کہا کہ سیاسی امیدواروں کے خلاف تشدد انتخابی عمل اور لوگوں کی اپنی جمہوری خواہش کے اظہار کی اہلیت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ 

وولکر تُرک نے بتایا کہ جولائی میں انہوں ںے ایکواڈور میں تشدد کی حالیہ لہر کے بارے میں گہرے خدشات کا اظہار کیا تھا جس میں سیاسی امیدواروں، سرکاری شخصیات اور صحافیوں کے خلاف حملے اور انہیں لاحق خطرات بھی شامل ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعے سے ان مسائل کی نشاندہی ہوتی ہے جو ملک اور اس کے لوگوں کو بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث درپیش ہیں۔ 

ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ وہ حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ سیاسی امیدواروں، سرکاری حکام اور صحافیوں کی حفاظت کے اقدامات کو بہتر بنانے کی کوششوں میں اضافہ کریں اور انسانی حقوق کے عالمی معیارات کی مطابقت سے لوگوں کی زندگیوں اور سالمیت کو تحفظ دیں تاکہ ایسے المناک جرائم سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔