فلسطینی مہاجرین کے یو این ہیلتھ سنٹر نے دوبارہ کام شروع کر دیا
لبنان میں فلسطینی مہاجرین کے ایک کیمپ میں متحارب مسلح گروہوں کے مابین جنگ بندی کے بعد وہاں اقوام متحدہ کا طبی مرکز دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
'قریب مشرق میں فلسطینی پناہ گزینوں کو مدد فراہم کرنے والے ادارے' (انرا) کے زیراہتمام عین الحلوہ کیمپ کے طبی مرکز دوم پر خدمات مہیا کرنے کا سلسلہ گزشتہ ہفتے فلسطینی مسلح گروہوں کے مابین جھڑپوں کے بعد روک دیا گیا تھا۔
یہ لبنان میں فلسطینی مہاجرین کا سب سے بڑا کیمپ ہے۔
ان جھڑپوں میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 60 سے زیادہ زخمی ہوئے اور 30 جولائی کو شروع ہونے والے چار روزہ مہلک تشدد کے باعث ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ کیمپ میں 'انرا' کے عملے کے تقریباً 360 ارکان بھی مقیم ہیں جن میں بعض اس علاقے میں پھنس گئے تھے اور ان میں ایک زخمی بھی ہوا۔
امن برقرار رہنے کی امید
لبنان میں 'انرا' کے امور کی ڈائریکٹر ڈورتھی کلاز نے بدھ کو کیمپ کا دورہ کیا اور امید ظاہر کی کہ امن برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ کئی روز تک جاری رہنے والی فائرنگ کے باعث لوگوں کے لیے گھروں سے نکلنا ممکن نہیں تھا اور جنہوں نے نکلنے کی کوشش کی وہ زخمی ہو گئے، بچے خوف سے چلاتے رہے اور خواتین شدید تشویش کا شکار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'انرا' ملبہ ہٹانے اور پانی و بجلی کے نظام کو بحال کرنے میں متواتر مدد فراہم کرے گا۔
ڈورتھی نے کہا کہ 'انرا' کو اپنا کام کرنے کے لیے محفوظ ماحول درکار ہے۔ حالات سازگار ہونے پر کیمپ کے متاثرہ مقامات کی صفائی کی تیاری کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی لوگوں اور ادارے کے عملے کو جنگ کی باقیات سے تحفظ دیا جا سکے۔
عین الحلوہ کیمپ کے طبی مراکز
عین الحلوہ لبنان میں 12 مہاجر کیمپوں میں سے ایک ہے جسے 1948 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ جنوبی لبنان کے علاقے سیدہ کے جنوب میں واقع ہے۔
کیمپ میں دو طبی مراکز روزانہ تقریباً 575 مریضوں کو علاج معالجہ مہیا کر رہے ہیں۔
یہاں مہیا کردہ خدمات میں بنیادی طبی نگہداشت، عمومی علاج، خصوصی طبی مشاورت، متعدی و غیرمتعدی بیماریوں کی روک تھام اور ان پر قابو پانے کے اقدامات، ادویات کی فراہمی، دانتوں کا علاج اور لیبارٹری ٹیسٹ شامل ہیں۔
طبی مراکز میں پناہ گزینوں کو ذہنی صحت کے حوالے سے مدد بھی فراہم کی جاتی ہے اور زچہ بچہ اور سکول جانے والے بچوں سے متعلق طبی پروگرام چلائے جاتے ہیں۔