انسانی کہانیاں عالمی تناظر

فرائض کی انجام دہی میں جان دینے والوں کو یو این کا خراج عقیدت

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش، جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروشی اور جولائی کے لیے سلامتی کونسل کی صدر اور برطانیہ کی سفیر باربرا وڈوارڈ نے دائمی روشنی کی نمائندگی کرتی شمع روشن کی۔
UN Photo/Manuel Elías
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش، جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروشی اور جولائی کے لیے سلامتی کونسل کی صدر اور برطانیہ کی سفیر باربرا وڈوارڈ نے دائمی روشنی کی نمائندگی کرتی شمع روشن کی۔

فرائض کی انجام دہی میں جان دینے والوں کو یو این کا خراج عقیدت

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے لوگ بدھ کو اکٹھے ہوئے اور 2022 میں ادارے کی جانب سے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان دینے والے 77 ارکان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے ٹرسٹی شپ کونسل چیمبر میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا کہ ہم اکٹھے افسوس کرنے، اپنے ساتھیوں کو اکٹھے یاد کرنے اور اکٹھے ہو کر انہیں تکریم پیش کرنے کی خاطر یہاں موجود ہیں۔

اس موقع پر جانیں دینے والے اہلکاروں کے رشتہ داروں، سفارتی برادری کے ارکان اور دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے عملے نے اس تقریب میں بالمشافہ اور آن لائن شرکت کی۔ 

عزیز ساتھیوں کو خراج عقیدت 

تقریب کے آغاز پر سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروشی اور جولائی کے لیے سلامتی کونسل کی صدر اور برطانیہ کی سفیر باربرا وڈوارڈ نے دائمی روشنی کی نمائندگی کرتی شمع روشن کی۔ 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے تمام عزیز ساتھیوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کو کہا جنہوں ںے دوسروں کی زندگی کی خاطر اپنی زندگیاں قربان کر دیں۔ 

اس تقریب میں فوج، پولیس اور سویلین شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام 77 اہلکاروں کے نام پڑھے گئے جو گزشتہ برس ادارے کے لیے خدمات انجام دیتے ہوئے جان سے گزر گئے تھے۔ 

جرات اور عزم

اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ 36 ممالک سے تعلق رکھنے والے یہ مردوخواتین ہمارے ساتھی اور دوست تھے۔ 

ان کی خدمات اقوام متحدہ کے اصول اور وعدے کی عملی صورت تھیں۔ یہ ہماری مشترکہ انسانیت کا اصول اور مشترکہ مسائل کو حل کرنے اور تمام لوگوں کے لیے امن، خوشحالی اور انسانی حقوق کی ضمانت دینے والی دنیا کی تعمیر کے لیے اکٹھے کام کرنے کا وعدہ ہے۔ 

سیکرٹری جنرل نے واضح کیا کہ امن اہلکاروں اور امدادی کارکنوں کی حیثیت سے اقوام متحدہ کا عملہ کیسے مشکل حالات میں روزانہ اور متواتر اس اعلیٰ تصور کو نئی زندگی دیتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا جو بھی کردار ہو اور وہ جیسے بھی حالات میں میں کام کریں، آج ہم جنہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں ان تمام لوگوں نے خود کو دوسروں کی خدمت کے لیے وقف کیا۔ 

ان کی جرات نے زندگیاں بچائیں، ان کے عزم نے ضرورت مندوں کو تحفظ دیا اور ان کی مہارت نے دنیا کا حال اور مستقبل بہتر بنانے میں مدد دی۔

سال 2022 میں فرائض کی انجام دہی میں جابحق ہونے والے یو این اہلکاروں کی یاد میں تقریب کا ایک منظر۔
UN Photo/Manuel Elías
سال 2022 میں فرائض کی انجام دہی میں جابحق ہونے والے یو این اہلکاروں کی یاد میں تقریب کا ایک منظر۔

جان دینے والوں کو یاد رکھنے کاعزم 

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ منقسم اور خطرناک دنیا میں اقوام متحدہ کا تصور اور اس کی اقدار پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ 

انہوں نے ان لوگوں کی خاطر اقوام متحدہ کا ضروری مشن جاری رکھنے کا عزم کیا جنہوں نے ادارے کی جانب سے خدمات فراہم کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ 

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم خاندانوں کی مدد جاری رکھنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ ہم اپنے عملے کا تحفظ، نگہداشت اور اس کی بہبود کا جائزہ لینے اور اسے مزید بہتر بنانے کا کام جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں۔ ہم جان دینے والے اپنی ساتھیوں کی یادیں قائم رکھنے کا وعدہ کرتے ہیں جو ہمارے ذہن و دل میں رہیں گی اور تمام لوگوں کے لیے باوقار اور پُرامید زندگی کے لیے ہمارے کام کا حصہ ہوں گی۔