انسانی کہانیاں عالمی تناظر

مجوزہ برطانوی قانون پناہ گزینوں کے تحفظ کی نفی ہے، یو این ادارے

لندن کے ویسٹ منسٹر برج سے بگ بین اور پیلس آف ویسٹ منسٹر کا ایک منظر، ایک سرخ ڈبل ڈیکر بس اور بارش کے دن چھتریوں والے لوگ۔
© Unsplash/Heidi Fin لندن میں برطانوی پارلیمان کی تاریخی عمارت۔

مجوزہ برطانوی قانون پناہ گزینوں کے تحفظ کی نفی ہے، یو این ادارے

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور پناہ گزینوں کے ادارے 'یو این ایچ سی آر' کے سربراہوں نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کی پارلیمان کا منظور کردہ قانون بین الاقوامی انسانی حقوق اور پناہ گزینوں کے قانون کے تحت ملکی ذمہ داریوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تحفظ کے خواہش مند لوگوں کے لیے اس قانون کے سنگین اثرات ہو سکتے ہیں۔

Tweet URL

قانون سازی پر خدشات 

غیرقانونی مہاجرت سے متعلق یہ بل برطانیہ میں 'بے قاعدہ' طور سے آنے والے ہر فرد کے لیے پناہ تک رسائی کو روکتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں کچھ عرصہ کے لیے ہی سہی ایک ایسے ملک سے گزرنا ہو گا جہاں انہیں اپنے سفر پر قانونی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بل مہاجرین کو ان کے حالات سے قطع نظر پناہ گزینوں جیسا تحفظ مہیا کرنے یا انسانی حقوق سے متعلق ان کے دعووں کے حق میں اقدامات سے روکتا ہے۔ دارالعوام نے اس قانون کو مںظور کر لیا ہے تاہم ابھی اسے دارالامراء کی منظوری ملنا باقی ہے۔ 

اس قانون کے تحت ایسے مہاجرین کو اس ضمانت کے بغیر دوسرے ملک بھیجا جا سکتا ہے کہ آیا انہیں وہاں تحفظ مل پائے گا یا نہیں۔ یہ قانون حکومت کو حراستوں سے متعلق نئے وسیع تر اختیارات بھی دیتا ہے جن پر عدالتی نگرانی بہت محدود ہے۔ 

'یو این ایچ سی آر' نے انگلش چینل کے آر پار خطرناک سفر کرنے والے پناہ کے خواہش مند افراد کی تعداد کے حوالے سے برطانیہ کی حکومت کے خدشات بھی بیان کیے ہیں۔ 

پناہ گزینوں سے متعلق امور پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرینڈی نے کہا ہے کہ ادارہ ہر پناہ گزین کے معاملے سے نمٹنے کے ایسے تیزتر، منصفانہ اور موثر طریقے کے ذریعے پناہ دینے کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی حالیہ کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ان کوششوں سے بین الاقوامی تحفظ کے ضرورت مند لوگوں کو اپنے ہاں ضم کرنے اور جن لوگوں کے پاس ملک میں قیام کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے انہیں فوری طور پر واپس بھیجنے میں مدد ملے گی۔ 

تاہم نئی قانون سازی کے باعث افسوسناک طور سے یہ پیش رفت بڑی حد تک کمزور پڑ جائے گی۔ پناہ کے خواہش مند لوگوں اور مہاجرین کے سفر کے راستوں پر یورپی اور دیگر شراکت دار ممالک کے مابین تعاون بھی بہت اہم ہے۔ 

انسانی حقوق سے متضاد 

یہ قانون بے یارومددگار یا والدین اور سرپرستوں سے الگ ہو جانے والے بچوں سمیت اپنے دائرے میں آنے والے ہر فرد کو پناہ گزینوں کی حیثیت سے تحفظ کی فراہمی سے محروم کرتا ہے خواہ انہیں ظلم و جبر کا نشانہ بننے کا خطرہ ہو، ان کے انسانی حقوق پامال کیے جا چکے ہوں یا وہ انسانی سمگلنگ یا دورِ جدید غلامی کے متاثرین ہی کیوں نہ ہوں۔ 

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں پناہ گزینوں کی ملک سے بیدخلی انہیں جبراً واپس بھیجنے اور اجتماعی ملک بدری کی ممانعت، جائز قانونی کارروائی، خاندان کے ساتھ رہنے اور نجی زندگی کے حقوق اور متعلقہ بچوں کے بہترین مفادات کے تحفظ کے اصول سے متضاد ہے۔ 

پناہ کے خواہش مند افراد سے متعلق 1951 کے کنونشن میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پناہ گزین بے قاعدہ طور سے بھی پناہ کے لیے کسی ملک میں داخلے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ برطانیہ اس کنونشن پر دستخط کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہے۔ 

جنگ اور ظلم و جبر سے جان بچا کر ہجرت کرنے والے بیشتر لوگوں کے پاس پاسپورٹ اور ویزوں جیسی رسمی سفری دستاویزات نہیں ہوتیں یا انہیں ان تک رسائی نہیں ملتی۔ اسی لیے عام طور پر انہیں مہاجرت کے محفوظ اور "قانونی" راستے دستیاب نہیں ہوتے۔ 

اداروں کا کہنا ہے کہ پناہ کے خواہش مند لوگوں کی بڑی تعداد کو ملک بدر کرنے یا تیسرے ممالک کے ساتھ اس حوالے سے قابل عمل انتظامات کرنے کے لیے خاطرخواہ عملی صلاحیت کی عدم موجودگی میں متوقع طور پر ہزاروں مہاجرین غیریقینی قانونی حالات میں غیرمعین مدت تک برطانیہ میں رہیں گے۔ 

سنگین خدشات 

فلیپو گرینڈی کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں تک برطانیہ نے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے ضرورت مند لوگوں کو پناہ مہیا کی ہے۔ یہ ایک ایسی روایت ہے جس پر اسے بجا طور سے فخر رہا ہے۔ تاہم نئی قانون سازی سے وہ قانونی نظام واضح طور پر ختم ہو گیا ہے جس نے بہت سے لوگوں کو تحفظ دیا اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی سے مہاجرین کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ 

پناہ گزینوں اور انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قانون سازی کے باعث برطانیہ میں پناہ گزینوں کے پہلے سے برے حالات میں مزید بگاڑ پیدا ہو گا اور اپنے انسانی حقوق سے کام لینے سے متعلق ان کے امکانات بہت محدود ہو جائیں گے اور بہت سے لوگوں کو حراستوں اور بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔