سوڈان: اجتماعی قبر سے 87 لاشوں کی دریافت پر تحقیقات کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے سوڈان کے علاقے مغربی ڈارفر میں اجتماعی قبر کی دریافت کے بعد 87 شہریوں کی ہلاکت کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق 'او ایچ سی ایچ آر' نے مصدقہ اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماسالیت قومیت سے تعلق رکھنے والے لوگوں سمیت ان متاثرین کو مبینہ طور پر گزشتہ ماہ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) اور اس کی اتحادی ملیشیا نے ہلاک کیا۔
مقامی لوگوں کو ہلاک ہونے والوں کی لاشیں علاقائی دارالحکومت الغنینہ کے مضافات میں اجتماعی قبر میں دفن کرنے پر مجبور کیا گیا اور مرنے والوں کی شہر کے قبرستان میں باعزت انداز میں تدفین کی اجازت نہیں دی گئی۔
وولکر تُرک نے ان ہلاکتوں کی کڑے ترین انداز میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کے ذمہ داروں کے محاسبے کا مطالبہ کی اہے۔
خواتین اور بچوں کی ہلاکتیں
آر ایس ایف اور سوڈان کی فوج کے مابین اپریل کے وسط سے شدید لڑائی جاری ہے۔ اس لڑائی میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخی ہو چکے ہیں جبکہ تین ملین لوگ ملک کے اندر اور باہر نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
20 جون کو کم از کم 37 لاشیں التراب الاحمر (سرخ زمین) نامی علاقے میں ایک کھلی جگہ پر تقریباً ایک میٹر گہری اجتماعی قبر میں دفن کی گئیں۔
مزید 50 لاشوں کو ایک دن بعد اسی جگہ دفنایا گیا جن میں سات خواتین اور سات بچوں کی لاشیں بھی شامل تھیں۔
'او ایچ سی ایچ آر' نے مصدقہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے حوالے سے بتایا ہے کہ دفن کیے جانے والے ان لوگوں کو آر ایس ایف اور اس کی اتحادی ملیشیا نے 13 ور 21 جون کے درمیان الغنینہ کے علاقے المدرسہ اور الجمارق میں ہلاک کیا۔
ان میں بہت سے لوگ اس تشدد کے متاثرین میں شامل تھے جو 14 جون کو مغربی ڈارفر کے گورنر خامس ابابکر کی آر ایس ایف کے ہاتھوں گرفتاری اور ہلاکت کے بعد شروع ہوا تھا۔ دیگر لوگ زخموں کا علاج نہ ہونے کے باعث ہلاک ہوئے۔
مرنے والوں کی توہین
ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ مرنے والوں، ان کے خاندانوں اور دیگر قریبی لوگوں کے ساتھ کیا جانے والا سنگدلانہ اور توہین آمیز سلوک ہولناک ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان ہلاکتوں کی فوری، مفصل اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں اور جو اس واقعے کے ذمہ دار پائے جائیں ان کا محاسبہ کیا جائے۔
وولکر تُرک نے آر ایس ایف اور تنازعے کے دیگر فریقین سے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اور قومیت یا دیگر پہچان سے قطع نظر ہلاک ہونے والوں کی تلاش، لاشوں کو جمع کرنے اور انہیں اس جگہ سے نکالنے کی اجازت اور اس کام میں سہولت دیں۔