انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان: فضائی حملے میں 22 افراد کی ہلاکت کی مذمت

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو اس امر پر گہری تشویش ہے کہ فریقین کے درمیان جاری جنگ نے سوڈان کو مکمل خانہ جنگی کے کنارے پر لا کھڑا کیا ہے.
UN Photo/Eskinder Debebe
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو اس امر پر گہری تشویش ہے کہ فریقین کے درمیان جاری جنگ نے سوڈان کو مکمل خانہ جنگی کے کنارے پر لا کھڑا کیا ہے.

سوڈان: فضائی حملے میں 22 افراد کی ہلاکت کی مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ہفتے کو سوڈان کے شہر اُم درمان میں کیے جانے والے فضائی حملے کی مذمت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہوئے۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے متاثرین کے خاندانوں سے تعزیت کی اور اس واقعے میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

Tweet URL

سوڈان کی فوج اور اس کے حریف عسکری گروہ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان اپریل کے وسط سے لڑائی جاری ہے۔ اس دوران سینکڑوں افراد ہلاک اور تقریباً تین ملین بے گھر ہو چکے ہیں جن میں بہت سے لوگ ہمسایہ ممالک میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ 

فرحان حق کے مطابق سیکرٹری جنرل نے ڈارفر میں بڑے پیمانے پر تشدد اور انسانی نقصان کو ہولناک قرار دیا ہے۔ 

خانہ جنگی کے خدشات 

ترجمان کے مطابق سیکرٹری جنرل کو ریاست شمالی و جنوبی کردفان اور بلیو نیل میں نئی لڑائی شروع ہونے پر بھی تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان کی لڑائی میں بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے عالمی قانون کو یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے جو کہ خطرناک اور پریشان کن بات ہے۔ 

سیکرٹری جنرل کو اس امر پر گہری تشویش ہے کہ فریقین کے درمیان جاری جنگ نے سوڈان کو مکمل خانہ جنگی کے کنارے پر لا کھڑا کیا ہے جس سے ممکنہ طور پر پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ 

انہوں نے سوڈان کی قومی فوج اور آر ایس ایف پر ایک مرتبہ پھر زور دیا کہ وہ لڑائی بند کریں اور عداوتوں کے دائمی خاتمے کا عہد کریں۔

شہری تحفظ اور امدادای کارروائیاں

بیان کے مطابق انہوں نے فریقین سے یہ بھی کہا کہ وہ شہریوں کو تحفظ دینے اور امدادی کارروائیاں ممکن بنانے کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پاس کریں۔ 

اقوام متحدہ افریقن یونین کی مدد سے قیام امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو ہم آہنگ کر رہا ہے اور اس سلسلے میں مشرقی افریقی ممالک کے بلاک 'آئی جی اے ڈی' کے موثر کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔