انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوگنڈا : سکول حملے میں ہلاکتوں اور اغواء کی مذمت

یوگنڈا کا دارالحکومت کمپالا۔
IMF/Esther Ruth Mbabazi
یوگنڈا کا دارالحکومت کمپالا۔

یوگنڈا : سکول حملے میں ہلاکتوں اور اغواء کی مذمت

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے گزشتہ روز مغربی یوگنڈا کے علاقے پونڈوے میں لوبیریرا سیکنڈری سکول پر الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (اے ڈی ایف) کے حملے کی کڑی مذمت کی ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس حملے میں چالیس سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جن میں بڑی تعداد طلبہ کی ہے اور کئی افراد کو اغوا کر لیا گیا۔ اس خوفناک کارروائی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئیے۔

سیکرٹری جنرل نے متاثرین کے خاندانوں اور یوگنڈا کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کی اور اغوا کئے جانے والے افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

سیکرٹری جنرل نے جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا کے مابین سرحد پار عدم تحفظ کے مسئلے سے نمٹنے اور علاقے میں پائیدار امن بحال کرنےکے لئے علاقائی شراکتوں میں اضافے سمیت اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ 

بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے بھی لوبیریرا سیکنڈری سکول پر اے ڈی ایف کی حملے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ 

نیو یارک میں یونیسف کے صدر دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں کیتھرین رسل نے واقعہ کو تشدد کا بے رحمانہ واقعہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اس ترقی پر حملہ ہے جس کی رہنمائی یوگنڈا کا نوجوان طبقہ کر رہا ہے۔

کیتھرین رسل نے اس واقعہ میں اغواء ہونے والے تمام افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔