انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یوکرین: ڈیم تباہی سے 700,000 لوگوں کو پانی کی کمیابی کا سامنا

کاخوفکا ڈیم کی تباہی سے متاثر ہونے والی آبادیوں تک امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔
© UNICEF Ukraine
کاخوفکا ڈیم کی تباہی سے متاثر ہونے والی آبادیوں تک امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

یوکرین: ڈیم تباہی سے 700,000 لوگوں کو پانی کی کمیابی کا سامنا

انسانی امداد

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے یوکرین میں کاخوفکا ڈیم کی تباہی سے متاثرہ افراد کو تحفظِ زندگی کے لئے مدد پہنچا رہے ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں ہزاروں لوگوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

جمعے کو محاذ جنگ کے قریب کیرسون کے دیہی علاقے میں غیرمحفوظ خاندانوں کو امدادی سامان پہنچایا گیا۔

Tweet URL

6 جون کو ڈیم کی تباہی سے طبی خدمات کے علاوہ پانی کی فراہمی، صحت و صفائی اور نکاسی آب کا نظام متاثر ہوا ہے۔ 

پانی کی فراہمی منقطع 

کاخوفکا میں پانی کا ذخیرہ خالی ہونے سے یوکرین کے جنوبی حصے میں ہزاروں لوگوں خصوصاً نیپرو کے علاقے میں رہنے والی آبادی کو پائپوں کے ذریعے پانی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔ 

کاخوفکا ڈیم یورپ میں پانی کا سب سے بڑا ذخیرہ تصور کیا جاتا ہے جو یوکرین کے حکام کے مطابق 70 فیصد تک خالی ہو چکا ہے۔ امدادی امور سے متعلق اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (او سی ایچ اے) کے مطابق اس ذخیرے کی چوڑائی بھی تین کلومیٹر سے کم ہو کر ایک کلومیٹر تک محدو ہو گئی ہے۔ اس میں پانی کی سطح سات میٹر کے قریب ہے جبکہ اس سے فعال طور پر کام لینے کے لئے پانی کی سطح کا 12 میٹر تک ہونا ضروری ہے۔ 

او سی ایچ اے کے اطلاعاتی شعبے کے سربراہ سیویانو ایبریو نے کہا ہے کہ اندازے کے مطابق نیپرو کے علاقے میں 200,000 افراد کے گھروں میں پانی کی فراہمی پہلے ہی منقطع ہو چکی ہے۔ 

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ چونکہ یہ ذخیرہ ناصرف کیرسون بلکہ پورے جنوبی یوکرین کے لئے پانی کے حصول کا واحد ذریعہ ہے اس لئے متاثرہ افراد کی تعداد 700,000 سے بڑھ سکتی ہے۔

بارودی سرنگوں کا مسئلہ

اترتے سیلابی پانی نے بارودی سرنگوں کی صورت میں ایک اور مہلک خطرہ بھی پیدا کر دیا ہے جو متاثرہ علاقے کے طول و عرض میں پھیلی ہوئی ہیں۔ 

سیویانو ایبریو کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں یہ دنیا میں بارودی سرنگوں سے متاثرہ سب سے بڑا علاقہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ خیرسون اور ژاپوریژیا میں میکولائیوو کے علاقے میں باردوی سرنگوں کی وجہ سے زراعت متاثر ہوئی ہے۔ سیلابی پانی ان بارودی سرنگوں کو ایک سے دوسرے جگہ لے جا رہا ہے اور یہ ایک حقیقت ہے۔ 

بارودی سرنگوں کے خاتمے سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے 'یو این مائن ایکشن سروس' (یو این ایم اے ایس) میں پالیسی، وکالت اور عطیہ دہندگان سے تعلقات کے شعبے کی سربراہ ایبیگیل ہارٹلے نے کہا ہے کہ جب پانی اترتا ہے تو وہاں بارودی سرنگیں موجود ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اچھی بات یہ ہے کہ باردوی سرنگیں پانی میں تیرتی ہیں اور اسی لئے یہ سطح پر رہتی ہیں۔ تاہم یقیناً سیلاب میں دیگر طرح کا ملبہ بھی ہوتا ہے اور وہ سیڈیمنٹ میں دفن ہو سکتی ہیں۔ اسی لئے یہ ایک مسئلہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اب تک یوکرین کے حکام نے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لئے اچھا کام کیا ہے۔ 

کاخوفکا ڈیم کی تباہی کے بعد او سی ایچ اے اور اس کے امدادی شراکت دار تحفظ زندگی میں مددگار کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس عرصہ میں اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے کم از کم 10 امدادی قافلے ضرورت مندوں تک پہنچ چکے ہیں۔

یو این مائن ایکشن سروس میں پالیسی، وکالت اور عطیہ دہندگان سے تعلقات کے شعبے کی سربراہ ایبیگیل ہارٹلے۔
UN News/Dominika Tomaszewska-Mortimer
یو این مائن ایکشن سروس میں پالیسی، وکالت اور عطیہ دہندگان سے تعلقات کے شعبے کی سربراہ ایبیگیل ہارٹلے۔