نفرت انگیزی کے خلاف اقدامات میں خواتین کی شرکت بڑھانے کا پروگرام
نسل کشی کی روک تھام کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی مشیرِ خاص کے دفتر (او ایس اے پی جی) نے ایک نیا اقدام شروع کیا ہے جس کا مقصد نفرت پر مبنی اظہار کے خلاف خواتین کے کردار کو بڑھانا اور تشدد کی ترغیب کو روکنا ہے جو سفاکانہ جرائم کا سبب بن سکتی ہے۔
یہ نیا باعزم اقدام نفرت پر مبنی اظہار سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کے شروع کردہ دوسرے عالمی دن سے چند روز قبل سامنے لایا گیا ہے۔
نفرت پر مبنی اظہار اور تشدد کی ایسی ترغیب، جو سفاکانہ جرائم کا ممکنہ سبب بن سکتی ہو، کی روک تھام کے لئے معاشروں میں خواتین کے لئے عملی منصوبے (جسے 'دی نیپولی ویمن اِن کمیونیٹیز پلان آف ایکشن' نام سے بھی جانا جاتا ہے) کی بنیاد نفرت پر مبنی اظہار اور سفاکانہ جرائم کی روک تھام کے شعبوں میں کام کرنے والی دنیا بھر کی خواتین کے ساتھ ایک سال پر محیط مشاورت پر رکھی گئی ہے۔
اس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ اس لعنت کا مقابلہ کرنے اور تشدد کی ترغیب کو روکنے کے لیے زیادہ منظم اور نمایاں طور پر کام کر سکیں جو مظالم کے ارتکاب کا باعث بن سکتی ہے۔
دیرپا مسائل
اس اقدام کی افتتاحی تقریب میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کی جانب سے ان کے معاون خصوصی کورٹنی ریٹرے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ ظالمانہ جرائم یعنی نسل کشی، جنگی جرائم، نسلی صفائی اور انسانیت کے خلاف جرائم بدستور ایک دیرپا مسئلہ ہیں اور اقوام متحدہ کے مشن میں اسے مرکزی اہمیت حاصل ہے۔
دوسری بات یہ کہ ظالمانہ جرائم کا ایک صنفی رخ بھی ہے اور اسی لیے ان کی روک تھام اور ان کے خلاف اقدامات کی کوششوں میں صنفی پہلو کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے دو وجوہات کی بنا پر اس اقدام کی خاص اہمیت کو واضح کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'دی نیپولی ویمن اِن کمیونیٹیز پلان آف ایکشن' خاتون کے تناظر میں ترتیب دیا گیا تھا جس نے خواتین کی آوازوں اور تجربات کو پوری طرح مرکزی دھارے میں لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مدد میں ناکامی
نسل کشی کی روک تھام کے لئے سیکرٹری جنرل کی خصوصی مشیر ایلس ویریمو ڈیریٹو نے واضح کیا کہ دنیا کو اس بارے میں ازسرنو سوچنے کی ضرورت ہے کہ اس کی روک تھام کیسے کی جائے۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے یہ اعتراف کرنا چاہئیے کہ ہم خواتین کو ساتھ لے کر چلنے اور نسل کشی اور دیگر ظالمانہ جرائم کی روک تھام میں ان کے کردار میں مدد دینے میں ناکام رہے ہیں۔
اقوام متحدہ میں اٹلی کے مستقل نمائندے موریزیو ماساری نے ان کی تائید کی جو اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل 'ای سی او ایس او سی' کے نائب صدر بھی ہیں۔
سفیر ماساری نے کہا کہ اگر ہم خواتین کے تناظر کو پوری طرح شامل کرنے اور نفرت پر مبنی اظہار کے خلاف خواتین کے زیرقیادت اقدامات کو فروغ دینا چاہتے ہیں تو ہمیں یہ یقینی بنانا ہو گا کہ ان کی آوازیں سنی جائیں اور اس سے بھی بڑھ کر فیصلہ سازی کے وقت ان کی آرا کو اہمیت دی جائے۔