یو این سربراہ کی شمالی کوریا کے جاسوس سیارچے کی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کی جانب سے حالیہ دنوں خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کے اقدام کی کڑی مذمت کی ہے۔
شمالی کوریا کے نام سے معروف اس ملک نے اُس روز صبح کے وقت جاسوسی مقاصد کے لئے اپنا پہلا فوجی سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی کوشش کی جو سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے اس ناکامی کے بعد ایک اور تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جانے والی ایسی کوئی بھی کارروائی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں سے متصادم ہے۔
انہوں نے شمالی کوریا سے ایک مرتبہ پھر یہ مطالبہ کیا کہ وہ ایسے اقدامات کو روکے اور دیرپا امن اور جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے قابل تصدیق طور پر پاک کرنے کے لئے فوری طور پر بات چیت دوبارہ شروع کرے۔
افراتفری اور ابتری
شمالی کوریا کے اس اقدام سے اس کے ہمسایہ ممالک جنوبی کوریا اور جاپان میں پریشانی نے جنم لیا۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں حکام نے شہریوں کو فون پر تحریری پیغامات بھیجے جن میں انہیں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کو کہا گیا لیکن بعد میں بتایا گیا کہ یہ پیغام غلطی سے بھیجے گئے تھے۔
جاپان کی حکومت نے بھی ملک کے جنوبی صوبے اوکی ناوا کے لوگوں کو انتباہ جاری کیا۔