انسانی کہانیاں عالمی تناظر

ڈیجیٹل دنیا کا محفوظ ہونا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری: ترک

حکومتیں اور ٹیکنالوجی کمپنیاں آن لائن نفرت سے نمٹنے میں ناکام ہیں۔
Unsplash/Priscilla Du Preez
حکومتیں اور ٹیکنالوجی کمپنیاں آن لائن نفرت سے نمٹنے میں ناکام ہیں۔

ڈیجیٹل دنیا کا محفوظ ہونا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری: ترک

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے کہا ہے کہ آزاد اور پوری طرح فعال معاشرے کے لئے ہر ایک کو بولنے کی آزادی دینا بہت ضروری ہے اور محفوظ آن لائن ماحول کی جتنی ضرورت اب ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔

شہری آزادی کو تحفظ اور وسعت دینے کا پُرزور مطالبہ کرتے ہوئے وولکر تُرک کا کہنا ہے کہ ہم سب کے پاس "مقامی سے عالمی سطحوں تک سیاسی، معاشی اور سماجی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے" یہ واحد راستہ ہے۔

Tweet URL

نفرت پر مبنی بے لگام اظہار

انہوں ںے کہا کہ "اب بیشتر فیصلہ سازی آن لائن ہونے لگی ہے جس میں نجی کمپنیوں کا کردار بہت بڑھ گیا ہے اور ایسے میں ایک کھلے اور محفوظ عوامی ڈیجیٹل ماحول کی ضرورت بھی پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

ان حالات میں ممالک کو عام بھلائی کے لئے آن لائن ماحول کو تحفظ دینے میں مشکلات کا سامنا ہے یا وہ اس میں ناکام ہو رہے ہیں۔ اس صورتحال میں وہ یا تو آزاد پالیسی اپنا رہے ہیں جس میں تشدد اور نفرت پر مبنی خطرناک اظہار پر کوئی قدغن نہیں ہوتی اور دوسری صورت میں وہ آزادانہ اظہار پر کڑے ضابطوں سے کام لے رہے ہیں جن کے تحت صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں پر بھی سختی کی جاتی ہے۔"  

کثیرالسانی منڈی میں سرمایہ کاری

انہوں ںے بڑے کاروباروں سے کہا ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور آن لائن نقصانات کی روک تھام اور ان کے خلاف اقدامات پر سرمایہ کاری میں اضافہ کریں۔ اس سلسلے میں خاص طور پر غیرانگریزی زبانوں کے ماحول پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ پر کاروبار کرنے کے لئے یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ آپ محفوظ طور سے اور کاروبار اور انسانی حقوق کے رہنما اصولوں کی مطابقت سے کام کریں۔

ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ شہری آزادی ممکن بنانا انسانی حقوق، امن، ترقی اور "پائیدار اور مستحکم معاشروں" کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے لیکن ان آزادیوں پر ناجائز پابندیوں اور قوانین کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

اس میں پُرامن اجتماعات کے خلاف کارروائی، انٹرنیٹ کو بند کئے جانے اور آن لائن غںڈہ گری اور ہراسانی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

'شہری آزادی لازم ہے'

وولکر تُرک نے کہا کہ "ممالک کو چاہئیے کہ وہ لوگوں کو طبی نگہداشت، صاف پانی اور معیاری تعلیم سے لے کر سماجی تحفظ اور محنت کے حقوق تک اپنے ہر حق سے پائیدار طور پر کام لینے کے قابل بنانے کے لئے پیشگی شرط کے طور پر شہری آزادی کو تحفظ اور وسعت دینے کی کوششوں میں اضافہ کریں۔"

ان کا کہنا ہے کہ سول سوسائٹی کے گروہوں کے متاثرکن عزم کے باوجود شہری آزادی پر دباؤ جاری ہے۔

وولکر تُرک نے کہا کہ "سول سوسائٹی حکومتوں اور ان لوگوں کے مابین اعتماد پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے جن کے لئے وہ کام کرتی ہے اور اکثر ان دونوں کے درمیان پُل کا کردار ادا کرتی ہے۔ حکومتوں کو فیصلہ سازی میں عوامی شرکت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو محدود کرنے کے لئے انہیں تمام لوگوں کی آن لائن اور آف لائن آزادی کو تحفظ دینا ہو گا۔