انسانی کہانیاں عالمی تناظر

انسانی حقوق بڑھانے والی معیشتوں کی ضرورت ہے: وولکر ترک

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر ولکر ٹرک ایک انٹرویو کے دوران بات کر رہے ہیں۔
Volker Türk اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک۔

انسانی حقوق بڑھانے والی معیشتوں کی ضرورت ہے: وولکر ترک

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر تُرک نے ''انسانی حقوق پر مبنی معیشت'' کے لئے ایک پکار کا آغاز کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ معاشی نظام لاکھوں لوگوں کی بنیادی ضروریات کی تکمیل اور پائیدار طریقے سے کام کرنے میں بڑی حد تک ناکام ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ''دنیا بھر میں بہت سے لوگ بنیادی ضروریات کی چیزیں حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ان کے پاس خدمات عامہ تک رسائی کا فقدان ہے اور وہ انتہائی شدید غربت میں پھنس چکے ہیں جو کووڈ۔19 وبا اور رہن سہن کے اخراجات میں اضافے کے بعد بدترین صورت اختیار کر گئی ہے۔

Tweet URL

ان کا کہنا ہے کہ ''گہری تفریق اور ہمارے سیاسی، مالیاتی اور معاشی نظام کی بنیاد میں پائی جانے والی عدم مساوات اور بدعنوانی، غیرقانونی مالیاتی بہاؤ اور ٹیکس چوری کی لعنتوں نے اس صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔

اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ہمیں ایسی اموات، مصائب، عدم ترقی، تکالیف، تشدد اور تنازعات کا سامنا ہے جنہیں روکا جا سکتا ہے۔''

انسانی حقوق اعلامیے کے 75 سال

وولکر تُرک نے انسانی حقوق کے عالمگیر اعلامیے کی منظوری کے 75ویں سال تمام انسانوں کے فائدے کے لیے انسانی حقوق پر مبنی معیشت کو یقینی بنانے کے لئے نئی سوچ، سیاسی قیادت، نئے وعدوں اور بڑے پیمانے پر مالی وسائل کی فراہمی کے لئے کہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ معاشی فیصلہ سازی میں انسانی حقوق کو مرکزی اہمیت حاصل ہونی چاہیے جس کے لئے ایسی پالیسیاں وضع کرنے اور ان کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے جن میں لوگوں اور ان کے حقوق پر مرتب ہونے والے ان کے اثرات کو مدنظر رکھا گیا ہو۔

منافع اور انسانی حقوق

انسانی حقوق کمشنر کہا کہ یہ فرض کرنے کے بجائے کہ حصول منافع کی بنیاد پر لئے جانے والے فیصلوں سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی، ہمیں انسانی حقوق کی معیشت درکار ہے جس کی بنیاد مشمولہ شرکت اور سماجی مکالمے پر ہو۔ ایسی معیشت میں زیادہ سے زیادہ دستیاب ذرائع کو انسانی حقوق اور خاص طور پر سماجی تحفظ کے فروغ، عالمگیر تعلیم اور طبی نگہداشت، خوراک، رہائش اور تمام لوگوں کو مناسب معیار زندگی کی فراہمی پر سرمایہ کاری کے لئے استعمال میں لایا جاتا ہے۔

وولکر ترک نے ایسے میزانیوں، محصولات، تجارتی پالیسیوں، خرچ و پیداوار کے نمونوں، سرمایہ کاری کے فیصلوں اور کاروباری نمونوں کی ضرورت پر زور دیا جن میں ہر ملک کی انسانی حقوق سے متعلق ذمہ داریوں کو پوری طرح مدنظر رکھا جائے جن میں سبھی کے لئے صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول کا حق بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر دیکھا جائے تو انسانی حقوق پر مبنی معاشی پالیسی میں بین الاقوامی مالیاتی و ترقیاتی اداروں کے لئے انسانی حقوق کے تحفظ پر مبنی اقدامات ضروری ہیں تاکہ حکومتیں اپنے غیرملکی قرض کی ادائیگی کے لئے حقوق پر سرمایہ کاری میں کمی کرنے پر مجبور نہ ہوں۔