انسانی کہانیاں عالمی تناظر

یو این ڈیٹا فورم: تیز رفتار حل پائیدار ترقی کے لیے ضروری

یو این ڈیٹا فورم چین کے شہر ہینگزو میں منعقد ہو رہا ہے۔
UNDESA
یو این ڈیٹا فورم چین کے شہر ہینگزو میں منعقد ہو رہا ہے۔

یو این ڈیٹا فورم: تیز رفتار حل پائیدار ترقی کے لیے ضروری

پائیدار ترقی کے اہداف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے ادارے کے ایک فورم میں تمام لوگوں اور زمین کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لئے زمانہ حال میں معلومات سے کام لینے کے نئے طریقے ڈھونڈنے پر زور دیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ''تین سال پہلے ہم نے معلومات سے متعلق اقوام متحدہ کی حکمت عملی متعارف کرائی تھی جس کا مقصد اقوام متحدہ کے نظام میں معلومات کے حوالے سے مزید مہارتیں پیدا کرنا اور ایسے مزید اختراعی ماحولی نظام تخلیق کرنا ہے جن کی بدولت لوگوں اور زمین دونوں کی بہتری کے لئے معلومات کے بھرپور امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔''

Tweet URL

سوموار کو چین کے شہر ہانگ ژو میں 'یو این ورلڈ ڈیٹا فورم' کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں ںے خبردار کیا کہ 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کی راہ پر نصف وقت گزرنے کے بعد ہماری پیش رفت معطل ہے یا ہم معکوس سمت میں جا رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ یہ فورم ''معلومات کی انقلابی طاقت کو مزید جلا بخشنے اور اس اہم لمحے کی جانب پیش قدمی کی رفتار تیز کرنے کا ایک اہم موقع ہے''

فورم کا تعارف

پائیدار ترقی کے بیشتر اہداف تاحال ناقابل رسائی ہیں اور ایسے میں 140 ممالک سے معلومات کے 2,000 سے زیادہ ماہرین ہانگ ژو میں جمع ہوئے ہیں جبکہ مزید 20,000 ماہرین اس اجلاس میں ورچوئل طور سے شریک ہوں گے۔

'یو این ورلڈ ڈیٹا فورم 2023' اپنی نوعیت کا چوتھا اور ایشیائی الکاہل خطے میں ہونے والا پہلا اجلاس ہے جس میں معلومات کے بڑے پیداکار اور سائنس کے اداروں کے لوگ، پالیسی ساز، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی اور سائنسی تعلیمی اداروں میں ان معلومات سے کام لینے والے لوگ جمع ہو کر ایسے اقدامات پر بات چیت کریں گے جن کا مقصد صحت، تعلیم، موسمیات، قدرتی وسائل، صنف، انسانی حقوق، پناہ گزینوں اور پائیدار ترقی کے دیگر امکانات پر بہتر معلومات کا حصول ہے۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کا کہنا ہے کہ معلومات کی انقلابی طاقت کو مزید جلا بخشنے اور اس اہم لمحے کی جانب پیش قدمی کی رفتار تیز کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
Unsplash/Pietro Jeng
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کا کہنا ہے کہ معلومات کی انقلابی طاقت کو مزید جلا بخشنے اور اس اہم لمحے کی جانب پیش قدمی کی رفتار تیز کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔

اس فورم کے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بہتر پالیسی سازی کے لئے معلومات کی اہمیت، معلومات کے بروقت اور وسیع تر تجزیے کے لیے اختراعی اقدامات، سرکاری سطح پر شفافیت اور اخفا کے حقوق، مختلف طرز کے معلوماتی ماحولی نظام میں شراکتوں کے قیام میں حائل مشکلات اور بین الاقوامی سطح پر بنیادی ڈیجیٹل ڈھانچے کی ترقی پر بات چیت ہو گی۔

فورم کے بنیادی موضوعات

'یو این ورلڈ ڈیٹا فورم 2023' درج ذیل چار موضوعات سے متعلق بنیادی مسائل کو دیکھے گا:

  • معلومات وہ بصیرت مہیا کرتی ہیں جو ہمیں تمام لوگوں کا پائیدار اور محفوظ تر مستقبل یقینی بنانے کے لیے درکار ہے۔
  • شراکتیں اور اختراع معلوماتی مساوات اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
  • یہ یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اخفا کے تحفط اور معلوماتی حقوق کے لیے معلومات اور اعدادوشمار کو اخلاقی انداز میں استعمال کیا جائے ۔
  • مستحکم قومی معلوماتی ماحولی نظام کو مدد بشمول پائیدار طور سے مالی وسائل کی فراہمی درکار ہے اور یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ مستقبل کے لیے موزوں ہوں اور ان سے تمام لوگوں کو فائدہ پہنچے۔