انسانی کہانیاں عالمی تناظر

کینیڈا میں تیس ہزار افغانوں کی آبادکاری کا کام مکمل

اگست 2021 سے لیکر اب تک آئی او ایم کی مدد سے ہزاروں افغانوں کو کینیڈا میں آباد کیا گیا ہے۔
© Government of Canada
اگست 2021 سے لیکر اب تک آئی او ایم کی مدد سے ہزاروں افغانوں کو کینیڈا میں آباد کیا گیا ہے۔

کینیڈا میں تیس ہزار افغانوں کی آبادکاری کا کام مکمل

مہاجرین اور پناہ گزین

بدھ کو ٹورنٹو میں ایک اور خصوصی  پرواز کی آمد کے بعد عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) کے تعاون سے کینیڈا میں 30 ہزار سے زیادہ افغان مہاجرین کی کامیاب نوآبادکاری مکمل ہو گئی ہے۔

آئی او ایم نے اگست 2021 کے بعد افغانوں کو ملک میں محفوظ طریقے سے دوبارہ آباد کرنے کے لیے کینیڈا کی حکومت اور دیگر شراکت داروں کے قریبی تعاون سے کام کیا ہے۔

Tweet URL

آئی او ایم کے ڈائریکٹر جنرل انتونیو ویٹورینو نے کہا ہے کہ ''دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی محفوظ اور باوقار انداز میں نوآبادکاری 70 سال سے زیادہ عرصہ سے آئی او ایم کے کام کا مرکزی حصہ رہا ہے اور ہمیں ہزاروں غیرمحفوظ افغانوں کو نیا گھر فراہم کرنے کے لیے کینیڈا کی کوششوں کا ساتھ دینے پر فخر ہے۔

ہم افغانوں کے لیے اپنی زندگیاں محفوظ انداز میں دوبارہ شروع کرنے کا موقع یقینی بنانے کے لیے کینیڈا کی حکومت اور دیگر شراکت داروں کے قریبی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔''

مشمولہ آبادکاری

کینیڈا پہنچنے والی تازہ ترین پرواز میں ایسے افغان بھی شامل ہیں جنہوں ںے افغانستان میں کینیڈا کے مشن کے ساتھ تعاون کیا تھا۔ ان میں سابق ترجمانوں کے اہلخانہ اور ذاتی حیثیت میں آںے والے افراد بھی شامل ہیں۔ ماضی میں اس پروگرام کے تحت معذور افراد، خواتین، لڑکیوں اور 'ایل جی بی ٹی کیو آئی +' افراد جیسے بہت سے محروم طبقوں کو بھی نوآبادکاری میں مدد دی گئی ہے۔

تارکین وطن، مہاجرین اور شہریت کے امور سے متعلق کینیڈا کے وزیر شوآن فریزر کا کہنا ہے کہ ''اگرچہ افغانوں کی نوآبادکاری تاریخ میں اس نوعیت کی ایک بہت بڑی اور مشکل کوششوں میں سے ایک ہے تاہم 30 ہزار افغانوں کا خیرمقدم کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ کامیابی ہمارے شراکت داروں کی لگن کی گواہی بھی ہے جن میں آئی او ایم بھی شامل ہے جو غیر محفوظ افغانوں کو محفوظ سفر میں مدد مہیا کر رہا ہے۔''

میں نے نئے آنے والوں سے ملاقات کی ہے اور دیکھ رہا ہوں کہ کیسے وہ کینیڈا میں اپنی زندگیاں نئے سرے سے شروع کر رہے ہیں اور اس بات نے ہمیں زیادہ سے زیادہ افغانوں کی مدد کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم بنا دیا ہے۔ ہم ضرورت مند افغانوں کو تحفظ دینے اور انہیں نیا گھر اور کینیڈا میں ترقی کرنے کے لیے درکار مدد کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدام کی غرض سے اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔''

یہ کامیابی آئی او ایم، کینیڈا کی حکومت، این جی اوز اور علاقے میں کام کرنے والے دیگر اداروں کی کڑی محنت اور ان کے مابین تعاون کا نتیجہ ہے۔

کینیڈا پہنچنے والی تازہ ترین پرواز میں ایسے افغان بھی شامل ہیں جنہوں ںے افغانستان میں کینیڈا کے مشن کے ساتھ تعاون کیا تھا۔
© Government of Canada
کینیڈا پہنچنے والی تازہ ترین پرواز میں ایسے افغان بھی شامل ہیں جنہوں ںے افغانستان میں کینیڈا کے مشن کے ساتھ تعاون کیا تھا۔

محفوظ مہاجرت

آئی او ایم نوآبادکاری کے عمل میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس میں نوآبادکاری سے متعلق فضائی پروازوں کو مربوط کرنا، نوآبادکاری کے لیے درخواست دینے کے عمل میں مدد مہیا کرنا اور نئی منزل کی جانب روانگی سے پہلے لوگوں کی صحت سے متعلق جائزے لینا اور افغانوں کو کینیڈا میں نئی زندگیاں شروع کرنے کے لیے تیار کرنے کی غرض سے رہنمائی فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ آئی او ایم انہیں ملک بھر میں نئے علاقوں میں سفر کے لیے بھی سہولت فراہم کرتا ہے۔

آئی او ایم نے ماضی قریب میں شامی اور عراقی پناہ گزینوں کی نوآباد کاری کے لیے بھی کینیڈا کی حکومت کے ساتھ تعاون کیا  ہے اور ادارہ کم از کم 40 ہزار افغانوں کو پناہ دینے کے لیے کینیڈا کے وعدے کی تکمیل میں تعاون کے لیے اپنے عالمگیر شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔