انسانی کہانیاں عالمی تناظر

تتسی نسل کُشی: تمام اقوام نفرت کی مخالفت کریں، گوتیرش

روانڈا میں تتسی افراد کی نسل کُشی کے متاثرین کی یاد میں شمعیں روشن کی جا رہی ہیں (فائل فوٹو)۔
UN Photo/Violaine Martin
روانڈا میں تتسی افراد کی نسل کُشی کے متاثرین کی یاد میں شمعیں روشن کی جا رہی ہیں (فائل فوٹو)۔

تتسی نسل کُشی: تمام اقوام نفرت کی مخالفت کریں، گوتیرش

انسانی حقوق

روانڈا میں تتسی نسل کے لوگوں کی نسل کشی کی برسی پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ ایک نسل کا عرصہ گزرنے کے بعد ''ہمیں ان واقعات کو بھلانا نہیں بلکہ یہ یقینی بنانا ہے کہ آنے والی نسلیں انہیں ہمیشہ یاد رکھیں۔

روانڈا میں 1994 میں تتسی افراد کی نسل کشی کی یاد میں عالمی دن کے موقع پر اپنے سالانہ پیغام میں انتونیو گوتیرش کا کہنا ہے کہ ''آج ہم اُن دس لاکھ سے زیادہ بچوں، خواتین اور مردوں کا دکھ مناتے ہیں جو 29 سال پہلے دہشت کے سو ایام میں ہلاک ہو گئے تھے۔''

Tweet URL

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ''اس دن ہم متاثرین کی یاد مناتے ہیں جن کی غالب اکثریت تتسی تھی لیکن ان واقعات میں ہوتو نسل کے افراد سمیت اس قتل عام کی مخالفت کرنے والے دیگر لوگوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔ ہم اس قتل عام میں بچ رہنے والے متاثرین کی ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمیں اندمال، بحالی اور مفاہمت کی جانب روانڈا کے لوگوں کے سفر کا اعتراف ہے۔ ہمیں ان واقعات کو روکنے میں عالمی برادری کی ناکامی شرمندگی سے یاد ہے۔

نفرت انگیز اظہار سے نفرت انگیز جرائم تک

انتونیو گوتیرش کا کہنا تھا کہ ''نسل کشی کے ان واقعات کو ایک نسل کا عرصہ گزرنے کے بعد ہمیں یہ بھولنا نہیں چاہیے کہ اس وقت کیا ہوا تھا اور ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں کہ نفرت انگیز اظہار، جو کہ نسل کشی کے خطرے کی ایک اہم علامت ہے، کس قدر آسانی سے نفرت انگیز جرم میں تبدیل ہوتا ہے اور کیسے ظلم کے سامنے مطمئن اور خاموش رہنا بھی ظلم ہے۔''

کوئی بھی جگہ اور ہمارے اِس دور سمیت کوئی بھی وقت اس خطرے سے محفوظ نہیں ہے۔

'عدم رواداری کا مقابلہ کریں'

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم اور بین الاقوامی قانون کی دیگر سنگین پامالیوں کو روکنا ایک مشترکہ ذمہ داری اور اقوام متحدہ کے ہر رکن کا ''بنیادی فرض'' ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں ںے تمام ممالک میں تمام لوگوں کو بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہونے اور ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ہمیشہ چوکس اور تیار رہنے کے لیے کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ''آئیے روانڈا کے ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کریں جو وقار، سلامتی، انصاف اور تمام لوگوں کے انسانی حقوق پر مبنی مستقبل تعمیر کرتے ہوئے جان سے گزر گئے۔''

روانڈا میں تتسی لوگوں کی نسل کشی کی 29ویں برس کے سلسلے میں یادگاری تقریب جمعہ 14 اپریل کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہو گی جس میں سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور دیگر حکام کے علاوہ اس نسل کشی کے متاثرین بھی خطاب کریں گے۔

ہلاک ہونے والوں کی یادگار پر پھول چڑھانے اور شمعیں جلانے کی تقریب اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام کے بیانات اور متاثرین کی عینی شہادتوں پر مشتمل ایک تقریب جمعرات 13 اپریل کو جینیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں منعقد ہو رہی ہے۔