یو این واٹر کانفرنس کا اختتام نئے جامع ایجنڈے کے ساتھ
اقوام متحدہ کی 'آبی کانفرنس 2023' پانی سے متعلق عملی ایجنڈے کی منظوری کے ساتھ ختم ہو گئی ہے۔ یہ ایجنڈا ''سنگ میل'' کی حیثیت رکھنے والا عملی منصوبہ ہے جس میں ''انسانیت کے انتہائی قیمتی عالمگیر مشترکہ مفاد'' کے تحفظ کے لیے 700 وعدے شامل ہیں۔
یہ ایجنڈا خوراک سے متعلق موزوں ترین انتخاب سے لے کر پانی کے ایک طاقتور معاشی محرک اور کرہ ارض کے ثقافتی ورثے کے طور پر دوبارہ جائزہ لیے جانے تک عملی اقدامات پر مبنی انقلابی وعدوں پر مبنی ہے۔
سبھی کے لیے محفوظ آبی مستقبل
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ کانفرنس اور اس کے 2,000 شرکا نے ایک ''پرعزم تصور'' تشکیل دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ''عملی اقدامات اور تبدیلی کے لیے آپ کی لگن ہمیں لوگوں اور زمین دونوں کے پائیدار، مساوی اور مشمولہ مسقبل کی جانب لے جا رہی ہے۔ اس کانفرنس سے ایک بنیادی حقیقت کا اظہار ہوتا ہے کہ انسانیت کے انتہائی قیمتی عالمگیر مشترکہ مفاد کے طور پر پانی ہم سب کو متحد کرتا ہے اور اس کا بہت سے عالمگیر مسائل سے بھی گہرا تعلق ہے۔''
بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے سے لے کر غربت کے خلاف جنگ تک، اس فطری وسیلے کو ایک ایسے وقت پائیدار ترقی کے لیے 2030 کے ایجنڈے اور اور پائیدار ترقی کے حوالے سے اس کے 17 اہداف (ایس ڈی جی) میں نمایاں جگہ دی گئی ہے جب دنیا موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت اور آلودگی سے نبرد آزما ہے۔
انہوں نے کہا کہ ''اسی لیے پانی کو عالمگیر سیاسی ایجںڈے میں مرکزی جگہ ملنی چاہیے۔ مستقبل کے لیے انسانیت کی تمام تر امیدوں کا کسی نہ کسی طرح دارومدار سائنسی بنیاد پر ایک نئی راہ نکالنے پر ہے تاکہ 'پانی کے حوالے سے عملی ایجنڈے کو فعال کیا جا سکے۔''
ایسا کرنے سے زراعت میں پانی کے غیر پائیدار استعمال کو کم کرنے کے لیے حصولِ خوراک کے نئے اور متبادل نظام بنانے، اور ایس ڈی جی کے حصول کے لیے منصوبوں اور ترجیحات کی رہنمائی کے لیے نئے عالمی اطلاعات نظام کی شروعات جیسے دور رس اقدامات میں مدد ملتی ہے۔ اس حوالے سے ستمبر میں ہونے والی ایس ڈی جی کانفرنس سے پہلے پانی کے بارے میں ایک نئے خصوصی نمائندے کا تقرر بھی کیا جانا ہے۔
پانی سے متعلق عملی اقدامات کا ایجنڈا ''محض آغاز'' ہے
آنے والے وقت میں مسائل میں سے راہ نکالنے کے لیے بہت سے تناظر اور مہارتیں مہیا کرتے ہوئے 2,000 سے زیادہ حکومتی نمائندوں، سائنس دانوں، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کے گروہوں، مقامی باشندوں، نجی شعبے کے رہنماؤں اور نوجوانوں کے وفود نے 22 تا 24 مارچ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اس کانفرنس میں شرکت کی۔
اس کانفرنس کا ایک اہم نتیجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ اقدامات کا خلاصہ ہے جس میں ''ہماری دنیا کی جان کو تحفظ اور مدد دینے کے لیے بہت سے تصورات، سفارشات اور طریقہ ہائے کار پیش کیے گئے ہیں۔ یہ اقدامات پانچ متعامل مکالموں، چار خصوصی اجلاسوں اور سینکڑوں ذیلی اجلاسوں میں ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ''اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس 2023 کے موقع پر پُرعزم عالمی برادری ناصرف پانی کے مستقبل بلکہ دنیا کے مستقبل کے لیے بھی تبدیلی لانے کی غرض سے جمع ہوئی۔''
'تاریخ کا صفحہ'
جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروشی نے کہا کہ پانی سے متعلق عملی اقدامات کے انقلابی ایجنڈے کو کامیاب بنانے کے لیے 300 بلین ڈالر مہیا کرنے کے وعدے کیے گئے ہیں۔ اس ایجنڈے میں سماجی معاشی اور ماحولی شعبے میں کم از کم ایک ٹریلین ڈالر کے فوائد کے حصول کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔
انہوں نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ ''اس کانفرنس کا نتیجہ ناصرف قانونی طور پر پابند کرنے والی دستاویز ہے بلکہ اس نے تاریخ کا صفحہ بھی پلٹ دیا ہے۔ آپ نے سبھی کے لیے پانی اور نکاسی آب سے متعلق انسانی حقوق پر عملدرآمد کے وعدے کی ازسرنو توثیق کی ہے۔
ہمارا مشترکہ مستقبل
سیکرٹری جنرل نے اس معاملے میں رکن ممالک کی جانب سے 'پانی سے متعلق عملی اقدامات کی دہائی'' کے دوسرے نصف میں کیے جانے والے اقدامات میں ''ہر قدم پر'' اقوام متحدہ کے تعاون کا وعدہ کیا۔
انتونیو گوتیرش نے تمام فریقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ''پانی کے بغیر کوئی پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ اس تاریخی کانفرنس کا اختتام کرتے ہوئے آئیے اپنے مشترکہ مستقبل کے لیے ایک نیا عہد کریں۔ آئیے تمام انسانوں کے محفوظ آبی مستقبل کی جانب اپنے سفر میں اگلے اقدامات اٹھائیں۔''
آپ کیسے مدد دے سکتے ہیں؟
اقوام متحدہ کی #WatwrAction گائیڈلائن کے چند اہم نقاط:
- جب آپ کمپیوٹر اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال نہ کر رہے ہوں تو ان آلات کو بند کر دیں۔ 90 فیصد بجلی کے حصول میں پانی استعمال ہوتا ہے۔ بجلی سے چلنے والے آلات کو بند کرنے کا مطلب توانائی کی پیداوار میں کمی لانا اور اس کے نتیجے میں پانی کی بچت کرنا ہے۔
- اس معاملے پر رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے بتدریج موثر اقدامات کریں۔ منتخب نمائندوں کو اندرون و بیرون ملک پانی کے تحفظ سے متعلق مالی وسائل مختص کرنے کو کہیں۔
- عملی اقدامات کی فہرست تیار کریں۔ پانی اور نکاسی آب کے بحران کو حل کرنے کے لیے آپ جو مدد دینا چاہیں اس کا یہاں انتخاب کریں اور اس کےبارے میں دوسروں کو آگاہ کریں۔
- باخبر رہیں۔ پانی اور نکاسی آب کے بحران سے متعلق معلومات حاصل کریں، اس حوالے سے دنیا بھر سے متاثر کن داستانیں پڑھیں، ایس ڈی جی بک کلب کی تجویز کردہ فہرست سے کتاب پڑھیں، پانی کی فراہمی سے متعلق اپنے ہاں مقامی خبروں سے آگاہی حاصل کریں اور ایس ڈی جی 6 کے بارے میں آن لائن یا سوشل میڈیا میں @GlobalGoalUN پر اطلاعات حاصل کریں۔
- سوشل میڈیا پر اپنی آواز سے کام لیں۔ایس ڈی جی 6 کے فروغ سے متعلق پیغامات کو پھیلائیں، اس حوالے سے بات چیت شروع کرنے اور آگاہی بیدار کرنے کے لیے #WorldWatwrDay میں شرکت کریں۔ اس مقصد کے لیے www.worldwaterday.org/share پر جائیں۔
- پائیدار خریداری کریں۔ جینز کی ایک پتلون کو تیار کرنے کے لیے 10,000 لٹر پانی درکار ہوتا ہے اور یہ پانی کی اتنی ہی مقدار ہے جتنی ایک فرد ایک دہائی میں پیتا ہے۔