انسانی کہانیاں عالمی تناظر

فریڈی ریکارڈ توڑ طوفان بننے کی راہ پر: ڈبلیو ایم او

موزمبیق میں بچے طوفان فریڈی سے تباہ ہو جانے والے اپنے سکول کے پاس کھڑے ہیں۔
© UNICEF
موزمبیق میں بچے طوفان فریڈی سے تباہ ہو جانے والے اپنے سکول کے پاس کھڑے ہیں۔

فریڈی ریکارڈ توڑ طوفان بننے کی راہ پر: ڈبلیو ایم او

موسم اور ماحول

عالمی موسمیاتی دفتر (ڈبلیو ایم او) نے کہا ہے کہ منطقہ حارہ کا طوفان فریڈی اب تک اپنی نوعیت کا طویل ترین طوفان بن سکتا ہے جس نے حالیہ کئی ہفتوں کے دوران مڈغاسکر اور موزمبیق میں دوسری مرتبہ لوگوں کے لیے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔

'ڈبلیو ایم او ' منطقہ حارہ کے ''غیرمعمولی'' طوفان کی نگرانی کر رہا ہے جس نے ایک ماہ پہلے اپنے آغاز کے بعد ان دونوں ممالک میں تباہی مچا دی ہے۔

Tweet URL

مڈغاسکر میں سوموار تک اس طوفان سے 21 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

بڑے پیمانے پر اثرات

ڈبلیو ایم او کے سروسز ڈائریکٹر ڈاکٹر جان سٹینڈر نے کہا ہے کہ ''فریڈی طوفان متاثرہ علاوں میں بڑے پیمانے پر سماجی۔معاشی اور انسانی اثرات مرتب کر رہا ہے۔ اگرچہ ایک جان کا ضیاع بھی بہت بڑا نقصان ہے تاہم درست پیش گوئیوں، بروقت انتباہ اور آفت کے خطرے کو محدود رکھنے کے لیے مربوط اقدامات کی بدولت زیادہ تعداد میں اموات نہیں ہوئیں۔''

منطقہ حارہ کے طوفان فریڈی کا آغاز شمالی آسٹریلیا کے ساحل سے ہوا تھا جسے 6 فروری کو یہ نام دیا گیا۔ بعدازاں طوفان یہ پورے جنوبی بحر ہند کو عبور کر کے 21 فروری کو مڈغاسکر اور تین روز کے بعد موزمبیق کے ساحلوں سے ٹکرایا۔

اس طوفان کے نتیجے میں کئی روز تک موسلا دھار بارشیں ہوئیں اور سیلاب آیا جس کے بعد اس نے دوبارہ موزمبیق کے سمندر کا رخ کیا اور وہاں گرم پانی سے نئی توانائی حاصل کرتے ہوئے ملک کے جنوب مغربی ساحل کے ساتھ ہو لیا۔

موت، بے گھری اور تباہی

فریڈی طوفان کے راستے کے بارے میں سامنے آنے والی تازہ ترین معلومات کے مطابق یہ اب اس علاقے سے پرے ہٹ رہا ہے لیکن دوبارہ موزمبیق کا رخ کرنے سے متوقع طور پر اس میں مزید شدت آئے گی۔ ان معلومات میں آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا ہے۔ یہ طوفان اس ہفتے کے آخر تک خشکی سے ٹکرا سکتا ہے تاہم یہ پیش گوئی تاحال غیریقینی ہے۔

اقوام متحدہ میں امدادی امور کے دفتر 'او سی ایچ اے' نے سوموار کو اطلاع دی ہے کہ تازہ ترین بارشوں کے باعث مڈغاسکر میں چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اس طرح طوفان سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ 3,100 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور 3,300 سے زیادہ گھر سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثنا، موزمبیق میں 10 اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جسے طوفان سے پہلے ہی موسلا دھار موسمی بارشوں کی وجہ سے سیلاب کا سامنا ہے۔ حکام کا اندازہ ہے کہ شدید موسمی حالات سے تقریباً 1.75 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 8,000 سے زیادہ بے گھر ہو گئے ہیں۔

اس وقت خطے میں ایک امدادی کارروائی جاری ہے جبکہ فریڈی کے دوبارہ ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد مزید مسائل سامنے آنے کی توقع ہے۔

''غیرمعمولی'' اور ''کمیاب'

ڈبلیو ایم او نے ایک پریس ریلز میں کہا ہے کہ موسمیاتی اعتبار سے دیکھا جائے تو فریڈی ایک غیرمعمولی طوفان ہے۔ پورے بحرہند اور پھر مڈغاسکر کے قریب اس کا سفر ''نہایت غیرمعمولی واقعہ'' ہے۔

امریکہ کے خلائی ادارے ناسا نے منطقہ حارہ کے کسی طوفان کے مکمل عرصہ کے دوران اس میں پائی جانے والی ہوائی توانائی کی مجموعی مقدار جانچنے کے انڈیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فریڈی نے ایک اور ریکارڈ بھی قائم کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ یہ جنوبی کرے کی تاریخ میں کا ایک ایسا طوفان ہے جس میں جمع شدہ توانائی کی مقدار اب تک آنے والے کسی بھی طوفان سے زیادہ ہے۔