اقوام متحدہ کے سربراہ کی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی کڑی مذمت
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شمالی کوریا کی جانب سے ایک اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کی سخت مذمت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سوموار کو مزید دو میزائلوں کے تجربات بھی کیے گئے ہیں۔
شمالی کوریا نے ہفتے کے روز طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا جو جاپان کی سمندری حدود میں گرا جس کے بعد امریکہ نے اتوار کو جاپان اور جمہوریہ کوریا کے ساتھ مشترکہ فضائی مشقیں کیں۔
اطلاعات کے مطابق سوموار کو شمالی کوریا نے 600 ملی میٹر کے ملٹی پل راکٹ لانچر کے ذریعے مزید دو میزائلوں کے تجربات کیے۔
اشتعال انگیزی
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں شمالی کوریا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مزید اشتعال انگیز اقدامات فوری طور پر روک دے۔
انہوں ںے پیانگ یانگ سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی عالمی ذمہ داریاں پورے کرے، پائیدار امن کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرے اور جزیرہ نما کوریا کو مکمل اور قابل تصدیق طور پر جوہری اسلحے سے پاک کرے۔
اس معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس سوموار کی سہ پہر کو منعقد ہونا ہے۔