ہوائی سفر 2023 میں قبل از وباء والی سطح پر پہنچ جائے گا: آئی سی اے او
اقوام متحدہ میں ہوابازی کے ادارے نے کہا ہے کہ 2023 میں بیشتر فضائی راستوں پر مسافروں کی تعداد وبا سے پہلے کی سطح پر پہنچ جائے گی۔
بین الاقوامی شہری ہوابازی کے ادارے کی کونسل (آئی سی اے او) کے صدر سلواتورے شیکیتانو نے کہا ہے کہ ''فضائی سفر کی محفوظ و مامون اور مستحکم بحالی کی ضمانت مقامی، قومی اور عالمی سطح پر پائیدار ترقی میں فضائی سفر کے عمل انگیز کردار کی بحالی اور نتیجتاً ممالک کو کووڈ۔19 وبا کے وسیع تر اثرات سے نکلنے میں اہم مدد دے گی۔
آئی سی اے او نے وسیع اعدادوشمار کے جدید طرز پر حساب کتاب کی بنیاد پر پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں فضائی مسافروں کی تعداد میں اضافہ دکھائی دے گا۔ ادارے نے توقع ظاہر کی ہے کہ سال کے آخر تک 2019 کے اعدادوشمار کے مقابلے میں یہ تعداد تین فیصد بڑھ جائے گی۔
فضائی سفر کی تیزرفتار بحالی
آئی سی اے او کے سیکرٹری جنرل خوآن کارلوس سیلازار نے کہا ہے کہ ''آج ادارے کی جانب سے فضائی مسافروں کے حوالے سے جو اعلان کیا جا رہا ہے اس کے لیے 2022 میں فضائی سفر کی بحالی کی تیز رفتار کو مدنظر رکھا گیا ہے جس کا اندازہ آئی سی اے او کے سابقہ شماریاتی تجزیے سے ہوا تھا۔
آئی سی اے او کے ذریعے حکومتوں نے 2030 تک فضائی حادثوں میں انسانی زندگی کے نقصان کو صفر پر لانے اور 2050 تک کاربن کے اخراج کو ختم کرنے کے اہداف سے متعلق معاہدے کیے ہیں جو متواتر پیش رفت کے لیے رہنمائی اور ادارے کے عملدرآمدی معاون اقدامات کو ترجیح دینے میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
50 فیصد ترقی
آئی سی اے او نے بتایا ہے کہ بیشتر بین الاقوامی راستوں پر تیز رفتار بحالی اس بارے میں پُرامید پیش گوئیوں کی بنیاد ہے۔ 2022 میں فضائی مسافروں کی تعداد میں اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ آئی سی اے او نے 2021 سے 2022 تک فضائی کمپنیوں کو مسافروں سے ہونے والی سالانہ آمدنی میں اندازاً 50 فیصد اضافے کا مشاہدہ بھی کیا۔