انسانی کہانیاں عالمی تناظر

جنوبی افریقہ: گیس ٹینکر پھٹنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر گوتیرش رنجیدہ

جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ایک آئل رِگ۔
© Unsplash/Clyde Thomas
جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ایک آئل رِگ۔

جنوبی افریقہ: گیس ٹینکر پھٹنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر گوتیرش رنجیدہ

اقوام متحدہ کے امور

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے جنوبی افریقہ میں کرسمس کے موقع پر تیل کے ٹینکر میں دھماکے سے 34 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے دارالحکومت جوہانسبرگ کے نواحی علاقے بوکس برگ میں تیل کا ٹینکر ایک پل سے ٹکرا کر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں قریبی ٹامبو میموریل ہسپتال کے ہنگامی شعبے کی چھت بری طرح متاثر ہوئی۔

Tweet URL

اس حادثے میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے جبکہ گھروں اور کاروں کے تباہ ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں اندازاً 27 افراد کی ہلاکت ہوئی تاہم محکمہ صحت کے علاقائی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام تک یہ تعداد بڑھ کر 34 ہو گئی۔ ہلاک ہونے والوں کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد گزشتہ جمعے کو ہوا۔

اطلاعات کے مطابق متاثرین میں تقریباً درجن بھر طبی کارکن اور دو درجن عام شہری شامل ہیں۔ جلنے کے شدید زخموں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ اس دھماکے میں بچوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سیکرٹری جنرل کا اظہار تعزیت

اقوام متحدہ کے ترجمان کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ''سیکرٹری جنرل نے اس دھماکے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں اور جنوبی افریقہ کی حکومت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے زخمیوں کی مکمل اور فوری صحت یابی اور تباہ ہونے والی طبی سہولیات کی جلد از جلد تعمیر نو کی خواہش ظاہر  کی۔''

اطلاعات کے مطابق ایک گیس ٹینکر کم اونچائی والے پل تلے پھنس گیا تھا جو بعد میں دھماکے سے پھٹ گیا۔

متاثرین کی بڑی تعداد میں وہ لوگ شامل ہیں جو ہسپتال کی چھت گرنے سے پہلے اس کے شعبہ حادثات میں زیرعلاج تھے۔